پاکستان24 عالمی خبریں

صدر ٹرمپ کی دھمکی کے بعد امریکہ میں ویکسین کے استعمال کی منظوری

دسمبر 12, 2020

صدر ٹرمپ کی دھمکی کے بعد امریکہ میں ویکسین کے استعمال کی منظوری

امریکہ میں ادویات کی رجسٹریشن کرنے اور منظوری دینے والی اتھارٹی (ایف ڈی اے) نے فائزر اور بائیوٹیک کی بنائی گئی ویکسین کے ایمرجنسی استعمال کی اجازت دے دی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز صدر ٹرمپ نے ایف ڈی اے کو ویکسین کی منظوری دینے میں تاخیر شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ایف ڈی اے نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ امریکہ میں کورونا کی ویکسین کی ایمرجنسی میں منظوری دی گئی۔

ایف ڈی اے کے چیف سائنٹسٹ ڈینیز ہنٹن نے فائزر کمپنی کے چیف ایگزیکٹو کو ایک خط میں بتایا ہے کہ ان کی ویکسین کے ایمرجنسی استعمال کی منظوری دے دی گئی ہے۔

ادھر صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ ویکسین کی پہلی خوراک اگلے 24 گھنٹے سے کم وقت میں دی جائے گی۔

واضح رہے کہ فائزر کی ویکسین کے استعمال کی سب سے پہلے منظوری برطانیہ نے دی تھی جہاں اس کی پہلی خوراک مریضوں اور عمر رسیدہ افراد کو دی جا چکی ہے۔

صدر ٹرمپ نے گزشتہ روز امریکہ کے ڈرگ ریگولیٹر پر زور دیا تھا کہ وہ فائزر و بائیوٹیک کی ویکسین کی فوری منظوری دے تاکہ ملک میں اس کا بڑے پیمانے پر استعمال شروع کیا جا سکے۔

واشنگٹن پوسٹ نے خبر دی تھی کہ وائٹ ہاؤس نے فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) کے سربراہ سٹیفن ہان سے کہا تھا کہ اگر انہوں نے ایک دن میں ویکسین کی منظوری نہ دی تو پھر استعفیٰ دے دیں۔

سٹیفن ہان نے اس خبر کی تردید کی تھی تاہم کہا تھا کہ صدر ٹرمپ کی ٹویٹ کو ایک دھمکی کے طور پر دیکھا گیا جس میں ایف ڈی اے کو ’بڑے، بوڑھے اور سست کھچوے‘ سے تشبیہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ویکسین کو فوری طور پر منظور کیا جائے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے