انڈونیشیا میں شدید زلزلے سے درجنوں عمارتیں زمین بوس، 34 ہلاک
انڈونیشیا کے سلاویسی جزیرے میں شدید زلزلے سے متعدد عمارتیں تباہ ہو گئی ہیں جن کے تلے دب کر جن کے تلے دب کر 34 افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہونے کی ابتدائی اطلاعات ہیں۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق جمعے کو ریکٹر سکیل پر چھ اعشاریہ دو شدت کے زلزلے نے ہزاروں افراد کو محفوظ مقامات کی جانب بھاگنے پر مجبور کر دیا۔ اس دوران سینکڑوں افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
زلزلے کا مرکز انڈونیشیا کے شمال مشرقی شہر مجینے سے چھ کلومیٹر دور تھا جبکہ اس کی گہرائی دس کلومیٹر تھی۔ زلزلہ سات سیکنڈز تک محسوس کیا گیا تاہم اس سے سونامی کی وارننگ جاری نہیں کی گئی۔
سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیوز میں دیکھا گیا ہے کہ علاقے کے رہائشی محفوظ مقامات کی جانب بھاگ رہے ہیں جبکہ کئی مقامات پر بچے ملبے تلے دبے ہوئے ہیں جن کو مقامی افراد نکالنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔
مقامی صحافی سدرمان سامیول نے روئٹرز کو بتایا کہ کئی عمارتیں بری طرح تباہ ہو گئی ہیں جن میں شاپنگ مال اور دو ہوٹل بھی شامل ہیں جبکہ مغربی سلویسی میں گورنر کے دفتر کی عمارت بھی گر گئی ہے۔

