پاکستان24 متفرق خبریں

’ستر کروڑ‘ والے سینیٹ کے امیدوار سے تحریک انصاف کا ٹکٹ واپس

فروری 13, 2021 2 min

’ستر کروڑ‘ والے سینیٹ کے امیدوار سے تحریک انصاف کا ٹکٹ واپس

Reading Time: 2 minutes

پاکستان میں ایوان بالا یعنی سینیٹ کے الیکشن میں تحریک انصاف کے بلوچستان سے امیدوار عبدالقادر سے پارٹی کا ٹکٹ واپس لیا جا رہا ہے۔

یہ اعلان وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گِل نے کیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ‏بلوچستان سے سینیٹ کا ٹکٹ عبدالقادر صاحب سے واپس لیا ہے اور یہ ٹکٹ ظہور آغا کو جاری کیا جا رہا ہے۔

عبدالقادر کو ٹکٹ جاری کیے جانے کے بعد تحریک انصاف کے اندر سے اس فیصلے پر شدید تنقید کی جا رہی ہے۔

خیال رہے کہ سنیچر کو مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے کہا ہے کہ سینیٹ کا ٹکٹ اور سیٹ 70 کروڑ میں بیچی جا رہی ہے۔

سیالکوٹ کی تحصیل ڈسکہ میں ضمنی انتخاب کے سلسلے میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا تھا کہ ’70 کروڑ روپے میں سینیٹ کی ایک سیٹ کا سودا کیا جا رہا ہے۔ آج حکومت کے ارکان کھسک رہے ہیں تو آپ کو اوپن بیلٹنگ یاد آ گئی ہے۔‘

تحریک انصاف پر عبدالقادر کے علاوہ وفاقی وزیر فیصل واوڈا کو بھی سینیٹ کا ٹکٹ جاری کرنے پر تنقید کی جا رہی ہے۔

جمعے کو وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا کو سندھ سے سینیٹ کے لیے ٹکٹ جاری کرنے کے اعلان کے بعد سوشل اور الیکٹرانک میڈیا پر اس فیصلے کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ فیصل واوڈا کو سینیٹ کے لیے نامزد کرنے کا مطلب ہے کہ ’تحریک انصاف جانتی ہے کہ فیصل واوڈا نے دوہری شہریت کیس میں الیکشن کمیشن اور عدالت کے سامنے غلط بیانی سے کام لیا۔ اب انھیں نااہلی سے بچانے کے لیے سینیٹ سے الیکشن لڑوا کر قومی اسمبلی سے استعفیٰ دلوانا ہے تاکہ یہ معاملہ دب سکے۔

یاد رہے کہ فیصل واوڈا کے خلاف الیکشن کمیشن اور اسلام آباد ہائی کورٹ میں دوہری شہریت میں نااہلی کی درخواستیں زیر التوا ہیں۔ ان درخواستوں کی سماعت کے موقع پر فیصل واوڈا کی جانب سے پر دفعہ التوا مانگ لیا جاتا ہے۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے