پولیس انسپکٹر کو قتل کرنے کا طالبان کا دعویٰ جھوٹ نکلا
راولپنڈی میں انسپکٹر میاں عمران عباس کو ٹارگٹ کلنگ میں طالبان نے نہیں مقامی جرائم پیشہ گروہ کے کارندوں نے قتل کیا۔
پولیس حکام کے مطابق انسپکٹر کے قتل میں ملوث ایک ملزم ناکے پر فائرنگ کرتے جوابی کارروائی کے دوران مارا گیا، دوسرا فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
پولیس کے انسپکٹر میاں عمران پر فائرنگ اور قتل میں ملوث ملزم پولیس سے مقابلہ کے دوران ہلاک ہو گیا، ملزم چوہدری شاہد اور چوہدری زاہد نے تھانہ سول لائنز کے علاقہ میں روکے جانے پر پولیس ناکے پر فائرنگ کی،اہلکاروں کی جوابی فائرنگ میں ملزم چوہدری شاہد گولی لگنے سے مر گیا،جبکہ اس کا ساتھی ملزم چوہدری زاہد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
فرار ہونے والے ملزم چوہدری زاہد کے خلاف تھانہ کلر سیداں میں سازش مجرمانہ کی ایف آئی آر درج اور اشتہاری ہے۔
ملزمان رینٹ پر گاڑیاں حاصل کرتے اور خیانت کرتے ہوئے واپس نہ کرتے تھے۔ ملزمان نے کلرسیداں سے تین گاڑیاں کرایہ پر حاصل کیں اور واپس نہ کیں،انسپکٹر میاں عمران عباس نے ملزمان سے گاڑیاں برآمد کرکے کلر سیداں پولیس کے حوالے کیں،اسی رنج پر ملزمان نے عمران عباس کو ٹارگٹ کرکے قتل کیا۔

