پاکستان24

پارلیمنٹ سے استعفے دینے یا نہ دینے کا فیصلہ پی ڈی ایم کا: پیپلز پارٹی

مارچ 14, 2021

پارلیمنٹ سے استعفے دینے یا نہ دینے کا فیصلہ پی ڈی ایم کا: پیپلز پارٹی

پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے زرداری ہاؤس اسلام آباد میں ہونے والے عشائیے کی اندرونی کہانی کے مطابق بلاول بھٹو چیئرمین سینیٹ کا الیکشن ہارنے کے بعد بھی پُرامید ہیں۔

عشائیے میں سرکردہ پی پی رہنماؤں، سینیٹرز اور وکلاء نے شرکت کی اور بلاول بھٹو نے چیئرمین سینیٹ انتخابات پر گفتگو کی۔

ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو نے کہا کہ یہ غلط تاثر پیدا کیا جارہا ہے کہ کچھ اپوزیشن سینیٹرز نے جان بوجھ کر غلط مہر لگائی۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ کسی سینیٹر نے غلط مہر نہیں لگائی، مجھے اپوزیشن کے تمام سینیٹرز پر مکمل اعتماد ہے، سیکریٹری سینیٹ کی ہدایات کی روشنی میں سینیٹرز کو امیدوار کے خانے میں کہیں بھی مہر لگانے کی ہدایات کی گئی تھیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ اپوزیشن کے تمام سینیٹرز نے سید یوسف رضا گیلانی کو ووٹ دیا، اور پاکستان پیپلزپارٹی، مسلم لیگ ن، جمعیت علمائے اسلام اور عوامی نیشنل پارٹی سمیت اپوزیشن کی تمام جماعتیں پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم پر متحد ہیں۔

بلاول بھٹو نے پارٹی رہنماؤں کو بتایا کہ کیمروں کی تنصیب کا معاملہ واٹر گیٹ کی طرح ایک بڑا اسکینڈل ہے، اور پریذائیڈنگ آفیسر کا فیصلہ جلد ہائی کورٹ میں چیلنج کریں گے، ہمیں انصاف کی امید ہے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پارلیمان میں سلیکٹڈ عمران خان کے خلاف ہم نے بڑی کامیابیاں سمیٹی ہیں، عمران خان کی حکومت اپنا اعتماد کھوچکی ہے، پارلیمان کے ذریعے ہم حکومت کا خاتمہ کرسکتے ہیں۔

پی پی پی رہنماؤں نے بلاول بھٹو سے گفتگو میں تجویز دی کہ کامیابیوں کا تسلسل جاری رکھنے کے لئے ضروری ہے کہ اپوزیشن اراکین پارلیمان سے مستعفی نہ ہوں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ پارلیمان سے استعفے دینے یا نہ دینے کا معاملہ اہم ہے، پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے فیصلے کریں گے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے