بنوں: جانی خیل کے چار لاپتہ لڑکوں کی لاشیں برآمد، لواحقین کا دھرنا
خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں کے علاقہ جانی خیل دو ہفتے قبل لاپتہ ہونے والے چار نوجوانوں کی لاشیں بر آمد ہوئی ہیں جن کو قتل کر کے دفنایا گیا تھا۔
شہریوں نے لاشوں کے ساتھ سڑک پر دھرنا دے دیا ہے اور قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
مقامی افراد نے بتایا کہ چاروں دوست دو ہفتے قبل شکار کے لیے گئے تھے اور لاپتہ ہو گئے تھے۔
مقامی افراد نے بتایا کہ سب ڈویژن وزیر اتمانزئی کے علاقہ وڑیکی جانی خیل میں سین تانگہ میں قبرستان سے اُن کی لاشیں ملی۔مقتولین کی عمریں 14 سے 18 تک سال بتائی جاتی ہے اور چاروں دوست ایک ہی گاؤں ہندی خیل جانی خیل کے رہائشی تھے۔
مقتولین کی شناخت عاطف اللہ، احمد خان، رفعام اللہ اور محمد رحیم خان ساکنان ہندی خیل،جانی خیل کے ناموں سے ہوئی ہے۔
پولیس نے لاشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کرکے نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی ہے۔

