علی ظفر کے خلاف سوشل میڈیا مہم، میشا شفیع عدالت طلب
صوبہ پنجاب میں لاہور کی ایک مقامی عدالت نے مبینہ جنسی ہراسیت کے معاملے پر علی ظفر کے خلاف سوشل میڈیا پر مہم چلانے کے کیس میں گلوکارہ میشا شفیع کو 10 اپریل کو طلب کیا ہے۔
ضلع کچہری میں جوڈیشل مجسٹریٹ ذوالفقار باری نے کیس کی سماعت کی۔
میشا شفیع نے 2018 میں گلوکار علی ظفر پر جنسی ہراسانی کا الزام لگایا تھا جسے علی ظفر نے مسترد کیا تھا۔
گلوکارہ میشا شفیع کی جانب سے ان کے وکیل اسد جمال عدالت میں پیش ہوئے۔ انہوں نے عدالت سے درخواست کی کہ ’میشا شفیع ملک سے باہر ہے۔ حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کی جائے۔‘
مجسٹریٹ نے ریمارکس دیے کہ ’میشا شفیع نے تاحال نہ ضمانت کرائی ہے نہ وہ گرفتار ہے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کیسے دائر ہو سکتی ہے۔‘
میشا شفیع کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ’ایف ائی اے نے کوئی وارنٹ گرفتاری یا نوٹس نہیں بھیجا اس لیے ضمانت نہیں کرائی۔‘
وکیل نے بتایا کہ میشا شفیع ایف آئی اے کی تفتیش میں شامل ہو چکی ہے۔
عدالت نے میشا شفیع اور دیگر کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر بحث 10 اپریل تک ملتوی کر دی ہے۔
عدالت نے میشا شفیع کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر ایف ائی اے سے بھی رپورٹ طلب کر لی ہے۔

