متفرق خبریں

پنجاب پولیس جعلی مقابلوں کے لیے بے لگام، ایک ماہ میں 9 افراد قتل

مارچ 28, 2021

پنجاب پولیس جعلی مقابلوں کے لیے بے لگام، ایک ماہ میں 9 افراد قتل

پاکستان میں صوبہ پنجاب میں جعلی پولیس مقابلوں میں انڈر ٹرائل ملزمان کا قتل عام کرنے کے لیے بدنام اہلکاروں نے صرف ایک ضلع وہاڑی میں گزشتہ 27 دنوں میں پانچ مبینہ مقابلے کرائے جن میں 9 ایسے ملزمان کی ہلاکت ہوئی جن پر چوری اور ڈکیتی کے مقدمے درج کرائے گئے تھے۔

ضلع وہاڑی میں ماروائے عدالت قتل کے اس جاری سلسلے میں تین مبینہ پولیس مقابلے سرکل بورے والا، ایک وہاڑی، اور ایک میلسی کی حدو میں ہوا۔

سرکل بورے والا کی حدود میں تین مبینہ پولیس مقابلوں میں چھ، وہاڑی میں دو اور میلسی میں ایک مبینہ ڈاکو کی ہلاکت ہوئی۔

پہلا مبینہ پولیس مقابلہ سات مارچ کو بورے والا کی حدود 451 ای بی کے قریب ہوا جس میں پولیس کے مطابق دو ڈاکوؤں کو چھڑانے کی کوشش میں مسلح موٹر سائیکل سواروں نے پولیس پر فائرنگ کردی جس کی زد میں آ کر گرفتار دونوں مبینہ ڈاکو ہلاک ہو گئے۔

مبینہ ڈاکووں کی شناخت طارق سکنہ اوکاڑہ اور اکرم سکنہ چشتیاں کے نام سے ہوئی۔

دوسرا مبینہ پولیس مقابلہ نو مارچ کو میلسی کے علاقے کرمپور میں ہوا جس میں پولیس کے مطابق اہلکاروں نے مہران کار کو رکنے کا اشارہ کیا جس پر کار سواروں نے فائرنگ کردی۔

پولیس کے مطابق اہلکاروں نے گاڑی کا پیچھا کیا تو ملزمان گاڑی چھوڑ کے فرار ہو گئے جبکہ ایک ملزم گاڑی میں مردہ پایا گیا جس کی شناخت اختر حسین عرف جتو کے نام سے ہوئی۔

پولیس کے مطابق تیسرا پولیس مقابلہ بیس مارچ کو وہاڑی کے نواحی علاقے 27 بھٹہ میں ہوا جس ریکوری کے لیے لے جاتے ہوئے دو ڈاکووں کو چھڑانے کے لیے مسلح موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کی۔ جس کی زد میں  دونوں مبینہ ڈاکو ہلاک ہلاک ہوگئے جن کی شناخت ساجد اور سلیم کے نام سے کی گئی۔

چوتھا پولیس مقابلہ اکیس مارچ کو بورے والا کے نواحی علاقے گگو منڈی میں ہوا۔ یہاں بھی پولیس کے مطابق ریکوری کے لیے لے جاتے ہوئے ڈاکووں کو چھڑانے کے لیے انہی کے ساتھیوں نے فائرنگ کی جس سے حراست میں موجود جاوید عرف جیدی سکنہ داد کمیر لڈن اور امین عرف اسلم بھنڈی کی ہلاکت ہوئی۔

پانچواں مبینہ پولیس مقابلہ 27 مارچ کوبورے والا کی حدود 451 ای بی کے نزدیک ہوا جس میں ساتھیوں کو چھڑانے کی کوشش میں اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے دو مبینہ ڈاکو ہلاک ہوگئے جن کی شناخت فیض رسول سکنہ 166/9l اور لقمان احمد سکنہ لاہور کے نام سے ہوئی۔

ماضی کی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے پانچوں پولیس مقابلے رات کی تاریکی میں ہوئے جبکہ پانچوں مبینہ پولیس مقابلوں میں ملزمان اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوئے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے