کورونا کے طوفان نے قوم کو ہلا کر رکھ دیا ہے: نریندر مودی
انڈیا کے وزیراعظم نریندر مودی نے شہریوں سے وبا سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کرتے ہوئے ملک میں کورونا کی دوسری لہر کے دوران روزانہ لاکھوں کی تعداد میں نئے کیسز کو طوفان قرار دیا ہے۔
انڈیا میں مسلسل چار دنوں سے تین لاکھ سے زائد کورونا کیسز آنے پر مودی کا کہنا تھا کہ ’اس طوفان نے قوم کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔‘
اتوار کو انڈین وزیراعظم نے عوام سے ریڈیو خطاب میں کہا کہ کورونا کی پہلی لہر سے کامیابی سے نمٹتے کے بعد ہمارے حوصلے بلند تھے لیکن اس طوفان نے قوم کو ہلا دیا ہے۔
محکمہ صحت کے حکام کے مطابق گزشتہ روز ساڑھے تین لاکھ کے لگ بھگ مثبت کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ دو ہزار 767 اموات ہوئیں۔
ایک ارب 30 کروڑ آبادی کے ملک میں کورونا کی وبا تیزی سے پھیلی ہے اور دارالحکومت دہلی میں لاک ڈاؤن کی مدت میں ایک ہفتے کی توسیع کر دی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ اروند کیجریوال نے ایک ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ وائرس کی تباہ کاریاں جاری ہیں اور اس کے علاوہ کوئی چارہ نہیں کہ لاک ڈاؤن کی مدت بڑھائی جائے۔
انڈیا میں حکومت پر کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے تیار نہ ہونے پر سخت تنقید کی جا رہی ہے۔
ادھر ٹوئٹر نے تصدیق کی ہے کہ انڈین حکومت کی درخواست پر کورونا کی صورتحال سے متعلق درجنوں ٹویٹس کو روکا گیا۔
کورونا وائرس کی یومیہ کیسز کی تعداد بڑھنے، ہسپتالوں میں آکسیجن کی شدید قلت اور دیگر طبی سہولیات کی فراہمی میں ناکامی پر سوشل میڈیا پر صارفین بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت کو آڑے ہاتھوں لے رہے ہیں۔

