’نڈر پشتون کا بڑا جنازہ‘، عثمان کاکڑ سپردِ خاک
Reading Time: < 1 minuteبلوچستان کے ضلع قلعہ سیف اللہ کے علاقے مسلم باغ کے قبرستان میں پشتون قوم پرست رہنما عثمان کاکڑ کو سپردِ خاک کر دیا گیا۔
سابق سینیٹر کی نماز جنازہ جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے بھائی سینیٹر مولانا عطا الرحمان نے پڑھائی۔
کم آبادی والے صوبے بلوچستان میں جون کی سخت گرمی میں بھی جرات مند سیاست دان کو الوداع کہنے لوگوں کا جم غفیر آیا۔
عثمان کاکڑ کی جماعت کے مطابق ملک کے کونے کونے سے لوگ مسلم باغ پہنچے۔
پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے رہنماؤں نے دعویٰ کیا کہ ’عثمان کاکڑ کے جنازے میں لاکھوں افراد نے شرکت کی۔‘
پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کاکڑ کے سفرِ آخرت کو ’پشتون خطے کا سب سے بڑا جنازہ‘ قرار دیا۔
سوشل میڈیا پر ہزاروں صارفین گزشتہ دو دن سے عثمان کاکڑ کی تقاریر شیئر کر کے ان کو خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں۔
سینکڑوں صارفین نے ان کو اس خطے کا نڈر اور بے خوف سیاست دان قرار دیا۔
ان کے جنازے کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کر کے متعدد صارفین نے لکھا کہ یہ ’نڈر پشتون کا بڑا جنازہ‘ تھا۔