پاکستان24

نواز شریف کا ڈومیسائل میرے ڈومیسائل سے بہتر ہے: زرداری

جولائی 7, 2021

نواز شریف کا ڈومیسائل میرے ڈومیسائل سے بہتر ہے: زرداری

اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق صدر آصف علی زرداری کی نیو یارک پراپرٹی کیس میں 28 جولائی تک عبوری ضمانت منظور کرلی ہے۔ عدالت نے 5 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کی۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے اس موقع پر کہا کہ نواز شریف کا ڈومیسائل ان کے ڈومیسائل سے بہتر ہے۔ کشمیر انتخابات میں وہی ہوگا جو ہوتا رہا ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل ڈویژن بینچ سے سابق صدر آصف علی زرداری کی نیو یارک پراپرٹی کیس میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر سماعت کی۔

سابق صدر آصف علی زرداری عدالت میں پیش ہوئے۔ اس موقع پر پیپلزپارٹی رہنما فیصل کریم کنڈی، شیری رحمان، نیئر حسین بخاری، فرحت اللہ بابر، لطیف کھوسہ، رخسانہ بنگش، سحر کامران ، رحمان ملک اور دیگر بھی موجود تھے۔ دوران سماعت سابق صدر آصف علی زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار آصف علی زرداری عدالت میں موجود ہیں جس پر عدالت نے سابق صدر آصف علی زرداری کی 5 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض 28 جولائی تک عبوری ضمانت منظور کرلی۔ عدالت نے نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب بھی طلب کرلیا۔ کیس کی مزید سماعت 28 جولائی کو ہوگی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ سے واپس راونگی پر سابق صدر آصف علی زرداری نے صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ میاں صاحب وطن واپس آنا چاہیں تو ان کی مرضی، ان کا ڈومیسائل مجھ سے بہتر ہے۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے حکومت تحریک انصاف کی ہونے پر بھی سوال اٹھا یا.

کشمیر انتخابات کے حوالے سے سوال کے جواب میں آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ ہم پچاس ساٹھ سال سے کشمیر کیلئے لڑ رہے ہیں۔ کشمیر انتخابات میں وہی ہوگا جو ہوتا رہا ہے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے