متفرق خبریں

سری لنکن شہری کو بچانے کی کوشش کرنے والے کو تمغہ شجاعت دینے کا اعلان

دسمبر 5, 2021 < 1 min

سری لنکن شہری کو بچانے کی کوشش کرنے والے کو تمغہ شجاعت دینے کا اعلان

Reading Time: < 1 minute

پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے سیالکوٹ کی فیکٹری میں ہجوم کے ہاتھوں قتل اور جلائے گئے سری لنکن منیجر کو بچانے کی کوشش کرنے والے شہری کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ بہادری کے اس مظاہرے پر انہیں تمغہ شجاعت دیا جائے گا۔

اتوار کو سیالکوٹ واقعے سے متعلق ٹوئٹر پر جاری کردہ پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ’قوم کی طرف سے ملک عدنان کی جرات اور بہادری پر انہیں سلام ہے۔ جنہوں نے پریانتھا کمارا کو مشتعل ہجوم سے بچانے کی پوری کوشش کی اور ایسا کرتے ہوئے اپنی جان کی پرواہ بھی نہیں کی۔‘


اپنے پیغام میں وزیراعظم نے اعلان کیا کہ ملک عدنان تمغہ شجاعت دیا جائے گا۔

تین دسمبر کو پاکستان کے شہر سیالکوٹ کی ایک گارمنٹ فیکٹری کے جنرل منیجر سری لنکن شہری کو مشتعل ہجوم نے گستاخی کا ملزم قرار دے کر پہلے قتل اور پھر لاش کو جلاد دیا تھا۔

ادھر پنجاب حکومت کے ترجمان نے بتایا ہے کہ ہجوم کے ہاتھوں سیالکوٹ میں قتل ہونے والے سری لنکن شہری کی میت کل پیر کو صبح دس بجے پی آئی اے کے خصوصی طیارے کے ذریعے کولمبو بھجوائی جائے گی۔

اسلام آباد اور کولمبو میں دونوں ممالک کے ہائی کمشنز کے حکام نے بھی اس کی تصدیق کی ہے۔

اتوار کو سری لنکا کی وزارت خارجہ کے ترجمان سوگیشوارا گنرتنے نے عرب نیوز کو بتایا کہ ہم نے کولمبو میں پاکستانی ہائی کمشن کی مدد سے پریانتھا کمارا کی میت لانے کے انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے