اہم خبریں پاکستان

سب سے باکمال اور باصلاحیت سیاست دان چوہدری شجاعت: عمران خان

فروری 14, 2022 2 min

سب سے باکمال اور باصلاحیت سیاست دان چوہدری شجاعت: عمران خان

Reading Time: 2 minutes

پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے تحریک انصاف والے گھبراتے نہیں، گھبرانے والوں کو چوہدری شجاعت کی صحت کا خیال آ گیا ہے۔

پیر کو اسلام آباد میں ہائیڈرو پاور ڈویلپمنٹ کے حوالے سے منعقدہ بین الاقوامی سمپوزیم کی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ پی ٹی آئی والے گھبرائے نہیں کیونکہ گذشتہ 25 سال میں اُن کی سخت تربیت کی ہے۔

عمران خان نے ق لیگ سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر آبی وسائل چوہدری مونس الٰہی کو مخاطب کر کے چوہدری شجاعت کے خاندان سے متعلق کہا کہ ’ہمارا اس وقت آپ کی فیملی پر اعتماد ہے۔‘

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ’پاکستان میں شاید ہی کسی سیاستدان کے پاس وہ صلاحیتیں ہوں جو چوہدری شجاعت کے پاس ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ وہ لوگ آج کل گھبرائے ہوئے ہیں اور وہ بیس بیس سال پرانی فاتحوں پر بھی جا رہے ہیں۔

اس سے قبل وفاقی وزیر آبی وسائل چوہدری مونس الٰہی نے وزیراعظم کو مخاطب کر کے کہا تھا کہ ’پی ٹی آئی والوں سے کہہ دیں کہ آپ نے گھبرانا نہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ ہم سیاسی لوگ ہیں اور ہمارا کام لوگوں کو ملنا ہے۔

’سیاسی لوگ تعلقات بناتے ہیں اور تعلقات نبھاتے ہیں، اور ہمارا آپ سے ایک تعلق بنا ہے جو ہم نے نبھانے کے لیے بنایا ہے۔ تو میری گزارش ہے کہ پی ٹی آئی والوں کو ذرا تگڑے طریقے سے کہہ دیں کہ آپ نے گھبرانا نہیں۔‘

اتوار کو قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے مسلم لیگ ق کے رہنماؤں چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویز الہی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی تھی۔

اس سے قبل گذشتہ ہفتے پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کی قیادت کے درمیان بھی ملاقات ہوئی تھی۔

وزیراعظم نے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ پاکستان میں ٹنل ٹیکنالوجی ضروری ہے، پاکستان میں سیاحت سے بہت بڑا ریونیو آ سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا میں تیل کی قیمتوں میں اضافے سے پاکستان میں بھی بجلی مہنگی ہو جاتی ہے۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے