چیف الیکشن کمشنر کو ہٹانے کے لیے ریفرنس دائر کر رہے ہیں: عمران خان
تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ان کی جماعت چیف الیکشن کمشنر کو ہٹانے کے لیے ریفرنس دائر کر رہی ہے۔
پیر کو اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی آزاد باڈی کے ذریعے ہونی چاہیے، موجودہ چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی اسٹیبلشمنٹ کے ذریعے ہوئی ۔
انہوں نے کہا کہ اتحادیوں کو ٹکٹ دے کر سبق سیکھا ہے کہ اتحادی نہیں ہونے چاہئیں۔
عمران خان نے کہا کہ پچھلے انتخابات میں ٹکٹوں پر توجہ نہیں دی تھی اس بار ٹکٹس خود دیکھ کر دوں گا۔
عمران خان نے دعویٰ کیا کہ ان کے خلاف اس وقت سازش ہوئی جب چیزیں ٹھیک ہو رہی تھیں۔ اس مافیا سے لڑائی تھی جو قیمتیں اوپر لے جا رہی تھی۔
پی ٹی آئی کے چیئرمین کے مطابق ایف آئی اے میں تبدیلیاں ہو رہی ہیں۔ 24 ارب کی تفتیش کرنے والوں کو تبدیل کیا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف ریفرنس دائر نہیں کرنا چاہیے تھا۔ ریفرنس اس وقت وزارت قانون کی جانب سے بھیجا گیا تھا۔
عمران خان نے کہا کہ ان کا کسی سے کوئی ذاتی عناد نہیں۔
فرح خان کی کرپشن کے سوال پر جواب میں کہا کہ خاتون کے پاس عہدہ تھا نہ وزارت کیسے پیسے لے سکتی ہے۔ کسی کے پاس کوئی ثبوت ہے تو سامنے لائے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ توشہ خانہ سے جو کچھ لیا وہ ریکارڈ پر ہے، ایک غیرملکی صدر نے گھر آ کر تحفہ دیا وہ بھی جمع کروا دیا۔

