عمران خان نے جنرل فیض کو آرمی چیف نہیں بنانا تھا: فواد چوہدری
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیر اطلاعات فواد چودھری نے تسلیم کیا ہے کہ ان کی حکومت کے خاتمے کی وجہ اسٹیبلشمنٹ سے تعلقات خراب ہونا ہے۔
نجی ٹی وی چینل ایکسپریس نیوز کے ٹاک شو میں اینکر منصور علی خان کے سوالات کے جواب میں فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان نے کبھی جنرل فیض حمید کو آرمی چیف بنانے کا نہیں سوچا تھا۔
سابق وزیر اطلاعات سے پوچھا گیا کہ کیا یہ حقیقت ہے کہ سابق حکومت جنرل فیض حمید کو اگلا آرمی چیف بنا رہی تھی؟
فواد چودھری نے جواب دیا کہ ’ایسی کوئی بات نہیں تھی اور نہ ہی وزیراعظم نے ایسا کچھ سوچا تھا۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’عمران خان اتنی لمبی پلاننگ نہیں کرتے۔‘
ایک اور سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ اسٹبلشمنٹ کے ساتھ تعلقات اچھے ہوتے تو وہ آج بھی حکومت میں ہوتے۔
سابق وزیراطلاعات نے کہا کہ ’ہم نے اسٹبلشمنٹ سے تعلقات بہتر بنانے کی بہت کوشش کی۔‘
آرمی چیف کی تعیناتی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے فواد چودھری کا کہنا تھا کہ انہوں نے رانا ثنا اللہ سے بات کی تھی کہ ہمیں آرمی چیف کی تعیناتی کے حوالے سے کوئی فارمولا طے کرنا چاہیے۔
انہوں نے عدلیہ کی مثال دی اور کہا عدلیہ میں سب سے سینیئر جج کو چیف جسٹس تعینات کیا جاتا ہے۔ ’اس طرح کا کوئی فارمولا بنایا جاسکتا ہے۔‘

