پاکستان

آسٹریلیا کو سکیورٹی خدشات، پی آئی اے کی براہ راست پرواز روک دی

اپریل 21, 2022

آسٹریلیا کو سکیورٹی خدشات، پی آئی اے کی براہ راست پرواز روک دی

آسٹریلیا نے سکیورٹی خدشات کے باعث پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کی آسٹریلیا کے لیے پہلی براہ راست پرواز کو اڑان بھرنے سے روک دیا ہے۔  

پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق آسٹریلوی وزارت داخلہ نے لاہور اور کراچی ایئر پورٹ پر سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینے تک پاکستان سے براہ راست فضائی آپریشن معطل کر دیا ہے۔  

ترجمان نے بتایا کہ پی آئی اے کی پہلی براہ راست پرواز آسٹریلوی سول ایوی ایشن کی اجازت سے 22 اپریل کو لاہور سے سڈنی روانہ ہونا تھی تاہم آخری وقت پر آسٹریلوی وزارت داخلہ کی جانب سے لاہور اور کراچی ایئرپورٹ کی سکیورٹی صورتحال کا ازسرنو جائزہ لینے کا فیصلہ کیا گیا۔  

پی آئی اے کے ترجمان نے بتایا کہ آسٹریلوی حکام سے مکمل رابطے میں ہیں اور اس سلسلے میں دفتر خارجہ اور سفارتخانے کا چینل بھی استعمال کیا جا رہا ہے۔  

ترجمان کے مطابق ’آسٹریلوی وزارت داخلہ کی جانب سے پی آئی اے کو پرواز موخر کرنے کی ہدایات موصول ہو گئی ہیں، جس کے بعد پی آئی اے کی براہ راست ابتدائی دو پروازیں موخر کر دی گئی ہیں۔‘ 

ترجمان نے کہا کہ آسٹریلوی حکام نے یہ فیصلہ پاکستان میں سکیورٹی صورتحال کے تناظر میں کیا ہے۔

’یہ فیصلہ پاکستانی سکیورٹی صورتحال اور ایئرپورٹس کے نظام کا ازسرنو جائزہ لینے کے تناظر میں کیا گیا ہے۔ پی آئی اے انتظامیہ اور پاکستانی سفارت خانہ آسٹریلوی حکام سے مکمل رابطے میں ہے اور مکمل تعاون فراہم کر رہا ہے۔‘ 

واضح رہے کہ آسٹریلوی سول ایوی ایشن نے پاکستان سے براہ راست پروازوں کی اجازت 3 مارچ کو دی تھی۔  

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے