عالمی منڈی میں گراوٹ، پاکستان میں پیٹرول کتنا سستا ہوگا؟
Reading Time: 2 minutesعالمی منڈی میں خام تیل اور پیٹرول کی قیمت میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے لیے متعلقہ حکام کو سمری تیار کر کے بھیجنے کی ہدایت کی ہے۔
منگل کو عالمی منڈی میں برینٹ خام تیل کے فی بیرل کی قیمت 100 ڈالر تک آ گئی ہے جبکہ ڈبلیو ٹی آئی کے نرخ 97 ڈالر فی بیرل ہیں۔
قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے دوران یہ چھ فیصد کمی ہے۔
ادھر پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی منڈی قیمت کم ہونے پر وزارت پیٹرولیم اور وزارت خزانہ سے تیل کی قیمتوں میں کمی کی سمری طلب کر لی ہے۔
منگل کو وزیراعظم ہاؤس سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق وزیراعظم نے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا پورا فائدہ عوام کو منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعظم نے اپنی زیرصدارت منعقدہ اجلاس میں وزارت پیٹرولیم اور وزارت خزانہ سے تیل کی قیمتوں میں کمی کی سمری مانگی اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ قیمتیں کم کرنے کی تجویز پر مشتمل سمری بھیجی جائے۔
اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ عوام نے قربانی دی، اس کا پورا پھل بھی انہیں ہی ملنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام نے مشکل وقت گزارا ہے، اب پورا ریلیف ملنا بھی اُن کا حق ہے۔
وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ عالمی منڈی میں جتنی کمی ہوئی ہے پوری شفافیت کے ساتھ عوام کو اس کی منتقلی یقینی بنائی جائے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سابق حکومت کی لائی مہنگائی کے ستائے عوام کی حتی المقدور اشک شوئی کرتے رہیں گے۔
وزیراعظم نے اجلاس کے دوران کہا کہ ’اللہ تعالی کا فضل وکرم یوں ہی جاری رہا تو اِن شاءاللہ عوام کی زندگی میں مزید آسانیاں لائیں گے۔
بیان کے مطابق وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں اوگرا سمیت دیگر وزارتوں اور محکموں کے اعلٰی حکام نے شرکت کی۔