امریکی سیاح کا ریپ،’وہ پاکستانی کلچر دیکھنے آئی تھی جو پاکستانیوں نے دکھا دیا‘
Reading Time: < 1 minuteپاکستان کے صوبہ پنجاب کے سیاحتی مقام فورٹ منرو میں امریکی سیاح کے مبینہ ریپ کے الزام میں گرفتار شخص نے کہا ہے کہ خاتون نے اپنی مرضی سے اُن کے ساتھ جنسی تعلق قائم کیا تھا۔
سوشل میڈیا پر صارفین امریکی سیاح کے مبینہ ریپ کے واقعے کو ملک اور معاشرے کی بدقسمتی قرار دے رہے ہیں۔
ایک صارف نے تبصرہ کیا کہ ’وہ پاکستانی کلچر دیکھنے آئی تھی جو پاکستانیوں نے دکھا دیا‘
قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے فورٹ منرو میں غیر ملکی خاتون سیاح سے زیادتی کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کی تھی۔
وزیراعلیٰ حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ ’گرفتار ملزم کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کی جائے اور متاثرہ خاتون کو ہر قیمت پر انصاف فراہم کیا جائے گا۔‘
پنجاب حکومت کی جانب سے واقعے کے حوالے سے جاری کی گئی ابتدائی رپورٹ کے مطابق 18 جولائی کو ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ کو ٹیلی فون کے ذریعے شکایت موصول ہوئی تھی کہ ایک غیر ملکی خاتون کو مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔
بارڈر ملٹری فورسز نے کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کی ہدایات پر واقعے سے متعلق تمام معلومات اکٹھی کیں جن سے معلوم ہوا کہ متاثرہ خاتون غیرملکی ہیں جن کے پاس امریکہ اور جرمنی کی شہریت ہے۔
وہ تین ہفتے قبل پاکستان آئی تھیں اور اپنے منگیتر جو پاکستانی ہیں، کے ساتھ لاہور میں رہائش پذیر تھیں۔
حکام کے مطابق ملزم راجن پور کا رہائشی ہے جسے گرفتار کر کے مقدمہ درج کیا گیا۔