صدر کا پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب،ایوان میں ویرانی
صدر کے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کے دوران ایوان میں ویرانی چھائی رہی اور بہت کم تعداد میں ارکان اجلاس میں شریک ہوئے۔
صدر کے خطاب کے دوران بہت سے ارکان ایوان کی کارروائی سے بے خبر گپ شپ میں مصروف رہے اور متعدد صدر کا خطاب سنے بغیر ایوان سے باہر چلے گئے۔
صدر کے خطاب کے دوران ایوان میں صرف ۳۷ارکان موجود رہے اور پھر یہ تعداد مزید کم ہو کر ۱۰ رہ گئی۔ ایوان میں پی ٹی آئی کے چند منحرف ارکان ہی موجود رہے۔
صدر عارف علوی کے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کے دوران متعدد ارکان پارلیمنٹ نے بطور احتجاج نعرے بازی کی۔
جمعرات کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے صدر نے خطاب شروع کیا تو متعدد ارکان اپنی نشستوں پر کھڑے ہو گئے۔ سینیٹر مشتاق مسلسل نعرے بازی کرتے رہے۔
سینیٹر مشتاق،عبدالاکبر چترالی اور محسن ڈاور ،طاہر بزنجو سمیت دیگر سپیکر ڈائس کے سامنے بطور احتجاج زمین پر بیٹھ گئے۔ علی وزیر کے پروڈکشن آڈر کے اجرا کے لئے بھی کچھ ارکان نے نعرے بازی کی۔
پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں تحریک انصاف کا کوئی ایم این اے یا سنیٹر شریک نہیں ہوا اور انہوں نے اپنی ہی پارٹی کے صدر کا بائیکاٹ کر دیا۔

