لانگ مارچ ناکام ہو گا،جتھہ کلچر کامیاب نہیں ہونے دیں گے:وزیر داخلہ
وفاقی وزیرِداخلہ رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ عمران خان کی آج کی آڈیو لیکس سے رہی سہی کسر بھی نکل گئی،اللہ کی ذات کا شکر ہے کہ یہ فتنہ قوم کے سامنے بے نقاب ہو رہا ہے۔
جمعے کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِداخلہ نے کہا کہ یہ شخص قوم کو ناقابل تلافی نقصان پہنچائے گا،اللہ کا کرم ہو رہا ہے کہ یہ فتنہ بے نقاب ہو رہا ہے،یہ قوم کا بھی فرض ہے کہ اس کا ادراک کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس کا ہر جھوٹ قوم کے سامنے آ رہا ہے ،یہ قوم سے کھیل کھیل رہا تھا،ایک مراسلہ لہرا دیا اور سائفر کا ڈرامہ رچایا،اس شخص نے خارجہ پالیسی کابیڑا غرق کر دیا۔ اللہ کی ذات اسے بے نقاب کر رہی ہے۔
وزیرِداخلہ نے کہ کہ ایک جھوٹا بیانیہ گھڑنے کے لئے کس طرح اس نے قوم سے کھیل کھیلا۔ اب یہاں یہ چالیں چل رہا ہے کہتا ہے کئی چالیں چل رہا ہوں جو پبلک نہیں کرنی۔ فرح گوگی عمران خان کی فرنٹ مین تھی ،یہ اس کے اپنے اعمال ہیں اور چور اور ڈاکو دوسرے لوگ ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میری پوری قوم سے اپیل ہے کہ اس فتنے کا ادراک کرے۔ یہ اس کا ایجنڈا ہے کہ ہر حربے سے اقتدار تک پہنچنا چاہتا ہے ،لانگ مارچ بھی اس کا حربہ ہے۔ لانگ مارچ سےُنمٹنے کے لئے وزارت داخلہ نے موثر پلان بنایا ہے۔ ایک آل پارٹیز اجلاس ہوا تھا وہاں سارا پروگرام رکھا ،انہوں نے اس کی منظوری دی۔ ن لیگ کے اجلاس میں بھی کہا گیا کہ اسلام آباد پر چڑھائی روکی جائے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہر اختیار دیا جائے۔
وزیرِداخلہ نے کہا کہ اگر یہ جتھہ کلچر کامیاب ہو گیا تو پھر روز جھتے آیا کریں گے۔ اگر ایک جتھے کو اجازت دے دی گئی تو پھر جتھے ہی آیا کریں گے۔ اسلئے اس ملک و قوم کی خاطر پوری قوت کے ساتھ روکیں گے۔ عمران خان کے اداروں کا پتہ ہے،لانگ مارچ کو ہر صورت ناکام بنائیں گے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کیا کہ ایف آئی اے نے سیف اللہ نیازی کو متعدد مرتبہ بلایا وہ پیش نہیں ہوئے، سیف اللہ نیازی کو پوچھ گچھ کے لئے حراست میں لیا ہے۔

