شہبازشریف اور حمزہ شہباز منی لانڈرنگ کیس میں بری
پاکستان کے شہر لاہور کی اسپیشل سنٹرل کورٹ نے ایف آئی اے منی لانڈرنگ کیس میں وزیراعظم شہبازشریف اور حمزہ شہباز کی بریت کا فیصلہ سنا دیا۔
۱۱اکتوبر کو خصوصی عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف منی لانڈرنگ کیس میں بریت کی درخواستوں پر آج دلائل مکمل کرنے کی ہدایت کی تھی۔
ایف آئی اے نے کہا کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے اکاؤنٹ میں براہ راست پیسے جمع ہونے یا نکلوانے کے ٹھوس شواہد نہیں ملے۔
عدالت نے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا تھا جسے سناتے ہوئے مذکورہ حکم جاری کر دیا۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایف آئی اے نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف جھوٹا کیس بنایا۔ کیس میں سولہ ارب کی منی لانڈرنگ کا جھوٹا الزام لگایا گیا۔ ایف آئی اے اور اس کے پراسیکیوٹر کچھ بھی ثابت کرنے میں ناکام رہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آج شہزاد اکبر کہاں چھپے ہوئے ہیں؟ آج عمران خان کے احتساب کا بیانیہ دفن ہو گیا۔ عمران خان کے دور میں سیاسی انتقام کی بنیاد پر یہ بے بنیاد مقدمہ بنایا گیا تھا۔

