سپریم کورٹ کے تین ججز نے پاکستانی ٹیم کی کارکردگی پر کیا کہا؟
پاکستان کی سپریم کورٹ میں نیب قانون میں حالیہ ترامیم کے خلاف دائر تحریک انصاف کی درخواست کی سماعت کے دوران قومی کرکٹ کی کارکردگی زیربحث آئی ہے۔
دوران سماعت پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سیمی فائنل میں پہنچنے کا تذکرہ کرتے ہوئے حکومتی وکیل مخدوم علی خان نے کہا کہ کل کیس نہ سُنا جائے کیونکہ پاکستان کرکٹ ٹیم ایک معجزے کے تحت سیمی فائنل میں پہنچ گئی ہے۔
چیف جسٹس نے حکومتی وکیل سے مسکراتے ہوئے پوچھا کہ ہاں جی کل کتنے بجے میچ ہے۔ اگر آپ کہیں تو ہم آپ کے لیے سپریم کورٹ کے باہر میچ دیکھنے کی سکرین لگوا دیتے ہیں۔
جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کا سیمی فائنل میں پہنچنا واقعی ایک قومی معجزہ ہے، جسٹس منصور علی شاہ نے وکیل سے کہا کہ اگر آپ کو برا نہ لگے تو آپ دلائل دیجیے گا ہم میچ دیکھیں گے۔
اس بات پر کمرہ عدالت میں مسکراہٹیں بکھر گئیں۔
چیف جسٹس نے کہا کہ امید ہے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے حوالے سے کوئی اچھی خبر سامنے آئے گی۔
کیس کی سماعت کل تک ملتوی کر دی گئی۔
چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی خصوصی بنچ نے سماعت کی۔

