پیمرا کے چیئرمین چینلز کا لائسنس معطل کرنے کا اختیار نہیں رکھتے: سپریم کورٹ
پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) بورڈ کی طرف سے اپنے چیئرمین کو ٹی وی چینلوں کے لائسنسوں کی معطلی کا اختیار تفویض کرنے اور اس اختیار کے تحت چینلوں کے لائسنس کی معطلی کے حکم کو سپریم کورٹ نے غیر قانونی قرار دے دیا ہے۔
عدالت نے اس حوالے سے سندھ ہائی کورٹ کے حکم کو برقرار رکھتے ہوئے قواعد بنانا لازمی قرار دیا ہے۔
سال 2020 میں پاکستان براڈکاسٹرز ایسو سی ایشن کی جانب سے لائسنس معطلی کے پیمرا چئیرمین کو اختیارات کی تفویض کو سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔
سندھ ہائی کورٹ نے ۲۰۲۱ میں قرار دیا کہ بغیر قواعد ترتیب دیے پیمرا کا بورڈ لائسنس معطلی کے اختیارات اپنے چئیرمین کو تفویض نہیں کر سکتا تھا۔
جسٹس اعجاز الاحسن، جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی اور جسٹس منیب اختر پر مشتمل تین رُکنی بینچ نے فیصلہ سنایا۔
سپریم کورٹ نے سندھ ہائی کورٹ کا فیصلہ برقرار رکھا۔

