دہشت گردوں کے خلاف پاکستان کی مدد کے لیے تیار ہیں: امریکہ
Reading Time: < 1 minuteامریکہ نے کہا ہے کہ پاکستان کے شہر بنوں میں صورتحال سے باخبر ہیں جہاں عسکریت پسندوں نے انسداد دہشت گردی کے مرکز پر قبضہ کر لیا ہے۔
محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران سوال کے جواب میں کہا کہ واقعہ میں زخمی ہونے والوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔
ترجمان نے سکیورٹی اہلکاروں کو یرغمال بنائے جانے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مدد کی پیشکش بھی کی۔
’ہم پاکستان کے حالات سے باخبر ہیں اور بنوں سے آنے والی رپورٹس پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ ہماری ہمدردیاں پاکستان کے ساتھ ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ بنوں واقعے میں ملوث عناصر پر زور دیتے ہیں وہ اس قسم کے اقدامات بند کر دیں، یرغمالیوں کو فوری طور پر رہا کریں اور انسداد دہشت گردی سینٹر کا قبضہ ختم کریں۔
نیڈ پرائس کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکہ کے چیلنجز ایک جیسے ہیں۔ افغانستان کے علاوہ پاکستان افغان سرحدی علاقوں میں بھی دہشت گردوں کے گروہ موجود ہیں۔
’پاکستان ہمارا پارٹنر ہے اور اس کی مدد کے لیے تیار ہیں، چاہے وہ مذکورہ واقعے کے حوالے سے ہو یا پھر وسیع پیمانے پر۔‘
خیال رہے پاکستان کے صوبے خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں کے حراستی مرکز میں اتوار کو عسکریت پسندوں نے سکیورٹی اہلکاروں کو یرغمال بنا لیا تھا۔
عسکریت پسندوں کی جانب سے افغانستان تک فضائی رسائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔