فلم کی شوٹنگ کے دوران ایکشن، سُپر سٹار امیتابھ بچن زخمی
Reading Time: < 1 minuteبالی وُڈ اداکار امیتابھ بچن فلم کی شوٹنگ کے دوران زخمی ہو گئے ہیں جس کے بعد شوٹنگ روک دی گئی اور ڈاکٹروں کے مشورے کے بعد انہوں نے ’درشن‘ بھی معطل کر دیا ہے۔
امتیابھ بچن نے اپنے بلاگ میں لکھا کہ حیدر آباد میں ’پراجیکٹ کے‘ فلم کے ایک ایکشن سین میں وہ زخمی ہو گئے ہیں۔
انہوں نے لکھا کہ ’میں نے ایکشن سین میں خود ہی کو زخمی کر لیا میری پسلیوں پر چوٹیں آئی ہیں۔‘
واقعے کے بعد اداکار کو طبی امداد کے لیے ہسپتال لے جایا گیا جبکہ شوٹنگ روک دی گئی اور امیتابھ بچن ممبئی واپس چلے گئے ہیں۔
امیتابھ بچن نے اپنے بلاگ میں یہ بھی لکھا کہ ’میری مرہم پٹی کر دی گئی ہے۔ اب بھی سانس لیتے ہوئے کچھ تکلیف ہوتی ہے۔ ڈاکٹرز نے آرام کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ کچھ دنوں میں بہتر ہو جاؤں گا۔ ادویات بھی لے رہا ہوں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ جو کام طے تھے وہ سب منسوخ کر دیے گئے ہیں جب تک ٹھیک نہیں ہو جاتا سب کچھ معطل رہے گا۔ کسی حد تک موبائل استعمال کر رہا ہوں۔