پختونخوا میں منشیات سمگل کرتے جعلی میجر گرفتار، 60 کلو گرام چرس برآمد
Reading Time: < 1 minuteخیبر پختونخوا کے ضلع مردان میں پولیس نے فوج کے ایک جعلی میجر کی گاڑی سے 60 کلوگرام چرس برآمد کی ہے ۔
سنیچر کو رات گئے محکمہ ایکسائز خیبرپختونخوا کے اہلکاروں نے خفیہ اطلاع پر مردان میں ناکہ بندی پر ایک مشکوک گاڑی روکی جس میں موجود ایک باوردی شخص نے خود کو میجر ظاہر کیا تاہم جب ایکسائز پولیس کی جانب سے گاڑی کی تلاشی کا کہا گیا تو اس شخص نے فوراً گاڑی بھگا دی۔
محکمہ ایکسائز کے اہلکاروں کی جانب سے کافی دور تک تعاقب کرنے کے بعد گاڑی کو رسالپور پھاٹک کے پاس روک کر ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔
محکمہ ایکسائز کے ترجمان کے مطابق گاڑی کی تلاشی کے دوران 60 کلوگرام چرس برآمد کی گئی جس کو پنجاب سمگل کیا جا رہا تھا۔
ملزم ایبٹ آباد کا رہائشی ہے جس نے میجر کی جعلی وردی پہنی ہوئی تھی اور گاڑی پر بھی جعلی سرکاری نمبر پلیٹ لگائی ہوئی تھی۔
ایکسائز سرکل انچارج سید نوید جمال کے مطابق ملزم کو پکڑنے کی کوشش میں ایکسائز پولیس کی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
ملزم نے ابتدائی تفتیش کے دوران دس مرتبہ منشیات پنجاب سمگل کرنے کا اعتراف بھی کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملزم کے خلاف منشیات سمگلنگ، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور پاکستان آرمی کو بدنام کرنے کی متعدد دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔