پاکستان کو ایک ارب ڈالر، امارات کی آئی ایم ایف کو تصدیق
Reading Time: < 1 minuteوزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے حکام نے عالمی مالیاتی فنڈ کو تصدیق کی ہے کہ وہ پاکستان کو دو طرفہ مالی تعاون کے تحت ایک ارب ڈالر دیں گے۔
جمعے کو ایک بیان میں اسحاق ڈار نے ’آئی ایم ایف پروگرام کے نویں ریویو کے حوالے سے اپڈیٹ‘ جاری کی۔
اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان کا سٹیٹ بینک اب متحدہ عرب امارات کے حکام سے ڈیپازٹ لینے کے لیے ضروری دستاویزات مکمل کر رہا ہے۔
اس سے قبل انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کی مینجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جیورجیوا نے کہا تھا کہ ان کا ادارہ پاکستان کی مدد کرنے والے ممالک کے ساتھ موجودہ پروگرام مکمل کرنے کے لیے اضافی مالی مدد کی یقین دہانیوں کے حوالے سے بات چیت کر رہا ہے۔
جمعرات کو واشنگٹن میں ایک بریفنگ کے دوران پاکستان کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں کرسٹالینا جیورجیوا کا کہنا تھا کہ ’ہم اس وقت پاکستانی کی مدد کرنے والے (ممالک) سے اضافی سپورٹ سے متعلق مالی یقین دہانیوں پر بات چیت کر رہے ہیں تاکہ موجودہ پروگرام مکمل کیا جا سکے۔‘
آئی ایم ایف کی مینجنگ ڈائریکٹر نے کہا کہ ’مجھے امید ہے کہ اچھی نیت کے ساتھ پاکستانی حکام نے جن نکات پر اتفاق کیا ہے ان پر عمل درآمد ہو گا اور موجودہ پروگرام مکمل ہو جائے گا۔‘