پاکستان

الیکشن اکتوبر میں، سپریم کورٹ پنچایت نہیں، آئین کے مطابق فیصلے کرے: وزیراعظم

اپریل 26, 2023

الیکشن اکتوبر میں، سپریم کورٹ پنچایت نہیں، آئین کے مطابق فیصلے کرے: وزیراعظم

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ثالثی اور پنچائیت سپریم کورٹ کا کام نہیں بلکہ آئین اور قانون کے مطابق فیصلے دینا ہے۔

بدھ کو وزیراعظم ہاؤس میں اتحادیوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اتحادی جماعتیں اس بات پر متفق ہیں کہ عام انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہوں۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمان کو سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ کے اقدامات پر تحفظات ہیں اور پارلیمان نے اس کو قبول نہیں کیا۔

’ثالثی اور پنچائیت ان کا کام نہیں، ان کا کام قانون اور آئین کے مطابق فیصلے دینا ہے۔ لہٰذا اس بارے میں کہ ایک دن الیکشن ہونے چاہئیں اور کب ہونے چاہئیں اس بارے میں اتحادی جماعتوں کے اندر مکمل اتفاق ہے کہ الیکشن نومبر میں ہوں گے۔‘

وزیراعظم کے مطابق اتحادی متفق ہیں کہ 13 اگست کی تاریخ کو پارلیمان کی مدت ختم ہو۔ ’الیکشن کے لیے اکتوبر یا نومبر کی تاریخ بنتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمان کے کیے گئے فیصلوں کا احترام کرنا چاہیے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بات چیت کے بارے میں ایک رائے ہے کہ گفتگو کا راستہ بند نہیں ہونا چاہیے۔

’ایک رائے یہ بھی ہے کہ قومی اسمبلی کے سپیکر کے ذریعے ان تک بات پہنچائیں اور جو پارلیمانی کمیٹی ہے وہ اس میں گنجائش پیدا کر سکتی ہے تاکہ قوم یہ جان سکے کہ اس اتحادی حکومت کے زعما نے اپنی آخری کوشش کر لی کہ ایک ہی دن الیکشن کی تاریخ پر سب متفق ہوں۔‘

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی قیادت نے ملکی چیلنجز کو حل کرنے کے تجاویز دینے کے بجائے انتشار کی سیاست کی.

وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن کے لیے فنڈ دینے کا فیصلہ بھی پارلیمان کرے گی۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے