سابق آرمی چیف کا بیان سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا:فوجی ترجمان
پاکستان کی فوج نے کہا ہے کہ سابق آرمی چیف کے ملکی فوج کی جنگی صلاحیت اور تیاریوں کے حوالے سے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا اور یہ کہ تمام ہتھیار بہترین حالت میں ہیں۔
چند دن قبل معروف صحافی حامد میر کے ایک ٹیلی ویژن ٹاک شو میں سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے منسوب بیان کی وضاحت کرتے ہوئےجمعے کو ایک پریس ریلیز میں آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان آرمی کی انوینٹری میں موجود بعض ہتھیاروں کے نظام کی حالت کے پیش نظر اس کی جنگی صلاحیت کے بارے میں میڈیا میں بحث ہوئی۔
’اس حوالے سے پاکستان کے مستقبل کو لاحق خطرے کے بارے میں سابق آرمی چیف کے خیالات، جو انھوں نے ایک آف دی ریکارڈ انٹرایکٹیو سیشن میں میڈیا کے نمائندوں کے ساتھ شیئر کیے، اُن کو سیاق و سباق سے ہٹ کر نقل کیا گیا۔‘
آئی ایس پی آر کے مطابق ’فوج پاکستان کے عوام کو یقین دلاتی ہے کہ ہم نے ہمیشہ اپنی آپریشنل تیاریوں اور انتہائی جنگی صلاحیت پر فخر کیا اور کرتے رہیں گے۔‘
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’پاکستان کی مسلح افواج نے ہمیشہ مادر وطن کے دفاع کے لیے اپنے ہتھیاروں، ساز وسامان اور جنگی وسائل سے بھرپور انسانی وسائل کو ہمیشہ تیار رکھا ہے اور تیار رہے گی۔‘
سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے صحافیوں کی ملاقات کا احوال بیان کرتے ہوئے حامد میرنے جنگی ٹینکوں کے بارے میں کچھ خدشات ظاہر کیے جو اُن کے مطابق فوج کے سابق سربراہ کے تھے۔

