اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اسرائیل سے حملے بند کرنے کا مطالبہ نہ کر سکے
Reading Time: < 1 minuteاقوام متحدہ میں روس کے سفیر نے حالیہ تنازعے کا الزام امریکہ پر عائد کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ غزہ کی پٹی اور اسرائیل میں ’انسانی بنیادوں پر جنگ بندی‘ کی جائے۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق اقوام متحدہ کے سکیورٹی کونسل میں روس کی جانب سے پیش کیے گئے مسودے میں فوری جنگ بندی، یرغمالیوں کی رہائی کے مطالبے کے ساتھ ’کسی بھی قسم کے تشدد خواہ کسی بھی طرف سے ہو اور شہریوں کے خلاف ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت‘ کی گئی ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس نے کہا ہے کہ دس لاکھ سے زائد فلسطینیوں کو محصور جنگ زدہ علاقے سے ایسے خطے میں جانے کا حکم دینا جہاں خوراک، پانی قلت اور سر چھپانے کی جگہ نہیں ’انتہائی خطرناک اور ناممکن ہے۔‘
نیو یارک میں سکیورٹی کونسل کے اجلاس سے قبل انہوں نے اسرائیل سے محصور غزہ پر حملے بند کرنے کا نہیں کہا تاہم اُن کا کہنا تھا کہ ’جنگ کے بھی کچھ اصول ہوتے ہیں۔‘
انسانی امداد کا کام کرنے والے اداروں نے اسرائیل سے کہا ہے کہ غزہ کے شمالی علاقے سے فلسطینیوں کے انخلا کا دیا گیا الٹی میٹم واپس لے۔
اسرائیل نے غزہ کے شمال میں بسنے والے 11 لاکھ فلسطینیوں سے کہا ہے کہ وہ 24 گھنٹے کے اندر جنوبی علاقے میں منتقل ہو جائیں۔
عالمی امدادی اداروں نے اس حکم کو بین الاقوامی قانون کے خلاف اور بچوں، خواتین اور بوڑھوں سمیت عام شہریوں کو دی جانے والی اجتماعی سزا قرار دے کر مذمت کی ہے۔