پاکستان کے آرمی چیف کی غیرقانونی تارکینِ وطن کی واپسی یقینی بنانے کی ہدایت
Reading Time: < 1 minuteپاکستان کے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے تمام غیرقانونی تارکینِ وطن کی باعزت اور محفوظ وطن واپسی اور ملک بدری کے عمل کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
افواج پاکستان کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق ’چیف آف دی آرمی سٹاف عاصم منیر کی زیرِصدارت منگل کو جی ایچ کیو راولپنڈی میں 260 ویں کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی۔‘
کانفرنس کے شرکا نے ملک میں مقیم تمام غیرقانونی تارکینِ وطن کو یکم نومبر 2023 تک ملک بدر کرنے اور وطن واپس بھیجنے کے وفاقی حکومت کے فیصلے کی مکمل حمایت کا عزم کیا۔
اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ’فوج غیر قانونی معاشی سرگرمیوں کے خلاف قانونی کارروائیوں میں حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو تعاون فراہم کرتی رہے گی۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ‘آنے والے دنوں میں ذخیرہ اندوزوں، سمگلنگ مافیاز اور کارٹلز کے خلاف کارروائیوں میں مزید تیزی لائی جائے گی۔‘
جنرل عاصم منیر کے مطابق ’ان مافیاز کے خلاف کارروائیوں کا مقصد ملک کو اس طرح کی معاشی سرگرمیوں کے منفی اثرات سے نجات دلانا ہے۔‘
کانفرنس کے شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ’معیشت کی بحالی کے لیے حکومتی اقدامات اور عوام کی مجموعی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے گی۔‘
’پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لیے دشمن قوتوں کے اشارے پر کام کرنے والے تمام دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے والے عناصر کے خلاف ریاست مکمل طاقت کے ساتھ نمٹے گی۔‘
کور کمانڈرز کانفرنس نے فلسطین اسرائیل جنگ میں پیش رفت کا جائزہ لیا، اور اسرائیل کی جانب سے طاقت کے استعمال سے معصوم شہریوں کے جانی نقصان پر تشویش ظاہر کی۔