پاسپورٹ آفس اسلام آباد کے افسر کی غلطی، اوورسیز پاکستانیوں کا ڈیٹا شیئر ہو گیا
Reading Time: 2 minutesاسسٹنٹ ڈائریکٹر آن لائن ڈائریکٹریٹ آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹ کی حیثیت میں بیٹھا ہوا تھا کوئی شدھ قسم کا سست الوجود مجاہد۔ قریب 1130 بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے کہیں نہ کہیں اپنے ایڈریس میں غلطی کی ہوئی تھی، یا پتہ نہیں شاید یو پی ایس کی جانب سے یہ ایڈریس کسی وجہ سے ویریفائی نہ ہو سکے۔
قصہ مختصر، ضرورت پیش آئی کہ ان لوگوں سے رابطہ کیا جائے اور درخواست کی جائے کہ اپنا نام، شناختی کارڈ نمبر، ٹریکنگ آئی ڈی اور رابطے کے لیے درکار نمبر درست ایڈریس کے ساتھ یو پی ایس کو بھیج دیں۔
سست الوجود اسسٹنٹ ڈائریکٹر نے سوچا کون اب ہر ایک کو الگ الگ گیارہ سو سے زائد ای میل کرے گا۔ جوان نے سب کو onlinedelivery@dgip.gov.pk ای میل ایڈریس سے ایک ہی میل کر دی جائے جس میں تمام کے تمام لوگوں کے ٹریکنگ نمبر، ای میل وغیرہ واضح طور پر سب کو عیاں تھے۔
زرخیز دماغ اسسٹنٹ ڈائریکٹر آن لائن سیکشن کو اس اپروچ میں پرائویسی کے بنیادی ترین خدشات نہ سوجھے.
۱۔ ٹریکنگ آئی ڈی اور ای میل دونوں ہی پرسنل ڈیٹا ہے۔
۲۔ تمام گیارہ سو سے زائد افراد کو cc میں رکھنے کا مطلب ہے اب یہ تمام نہ صرف ایک دوسرے کے ای میلز دیکھ سکتے ہیں بلکہ تمام کی تمام ٹریکنگ آئی ڈیز بھی اب سب کے لیے کھلی کتاب کی مانند ہیں۔
۳۔ عام لوگوں کو ڈیٹا پرائیویسی کی ابجد کا علم نہیں لہذا جب یہ لوگ reply all کا بٹن دبا کر اپنا مکمل نام، پتہ، شناختی کارڈ نمبر، رابطہ نمبر دے رہے ہوں گے تو دراصل یہ سب ڈیٹا تمام گیارہ سوا گیارہ سو لوگوں کے ساتھ شیئر ہوگا اور شدید قسم کے ڈیٹا بریچ کو جنم دے گا۔
اب ہو یہ رہا ہے کہ پچھلے تین چار گھنٹے سے دھڑادھڑ لوگ ای میل کا ریپلائی کرتے ہوئے اپنا نجی ڈیٹا باقی کے گیارہ سو لوگوں کے ساتھ شئیر کر رہے ہیں۔
اس سے بھی زیادہ دلچسپ حقیقت یہ کہ محکمے کی ای میل میں اصل مدعا یعنی کہ یہ ڈیٹا یو پی ایس کو بھیجا جائے، ای میل کے آخر میں 1130 ٹریکنگ آئی ڈیز کے بعد دیا گیا ہے جسے پڑھنے کے امکانات بہت ہی کم ہیں۔ لہذا قصور لوگوں کا بھی نہیں۔
حکومت پاکستان اور اُس کے متعلقہ حکام قیدی نمبر 804 سے ادھر اُدھر دیکھیں اور کوشش کریں کہ نادرا اور دیگر حساس محکموں میں کوئی ڈھنگ کے بندے بٹھائے تاکہ شہریوں کا ڈیٹا محفوظ رہے۔
(بیرون ملک مقیم ایک متاثرہ پاکستانی کی تحریر جو پاکستان24 کو متعلقہ ای میل کے ساتھ بھیجی گئی)