ایران میں سپریم کورٹ کے ججز پر فائرنگ سے دو ہلاک، ایک زخمی
Reading Time: < 1 minuteایران کے دارالحکومت تہران میں سپریم کورٹ کے ججز پر فائرنگ سے دو ہلاک جبکہ ایک جج زخمی ہو گئے ہیں.
ایرانی عدلیہ کی ویب سائٹ میزان کے مطابق تہران سکوائر پر ایک حملہ آور نے تینوں ججز کو نشانہ بنایا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق تیسرے جج زخمی ہیں جبکہ حملہ آور نے فائرنگ کے بعد خودکشی کر لی ہے۔
اگرچہ قتل کا مقصد ابھی تک واضح نہیں تاہم عدلیہ کے ترجمان اصغر جہانگیر نے سرکاری ٹیلی ویژن کو بتایا کہ دونوں جج طویل عرصے سے ’قومی سلامتی کے مقدمات، بشمول جاسوسی اور دہشت گردی‘ کی سماعت کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ’گذشتہ ایک برس میں عدلیہ نے جاسوسوں اور دہشت گرد گروہوں کی شناخت کے لیے وسیع پیمانے پر کوششیں کی ہیں، اور یہ ایک ایسا اقدام ہے جس نے دشمنوں میں غصے اور ناراضی کو جنم دیا ہے۔‘
ایران کے سرکاری ٹی وی کے مطابق یہ مقدمات اسرائیل سے منسلک افراد اور امریکہ کی حمایت یافتہ ایرانی اپوزیشن سے متعلق تھے۔
خیال رہے کہ حزب اختلاف کی ویب سائٹس ماضی میں یہ الزام عائد کرتی رہی ہیں کہ محمد مقیسہ ’سیاسی قیدیوں‘ کے مقدمات کی سماعت کرتے رہے ہیں۔
علی رازینی پر سنہ 1998 میں ایک قاتلانہ حملے کی کوشش کی گئی تھی۔