متفرق خبریں

کینیڈین وزیر خارجہ کا امریکہ پر ’ٹرمپ ٹیکس‘ لگانے کا اعلان

جنوری 18, 2025 2 min

کینیڈین وزیر خارجہ کا امریکہ پر ’ٹرمپ ٹیکس‘ لگانے کا اعلان

Reading Time: 2 minutes

کینیڈا کی وزیر خارجہ میلانے جولی نے کہا ہے کہ اگلے صدر نے کینیڈین اشیا پر کسٹم ڈیوٹی بڑھائی تو جواب میں امریکیوں پر ’ٹرمپ ٹیکس‘ عائد کیا جائے گا۔

خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق کینیڈین وزیر خارجہ نے نومنتخب امریکی صدر کے کینیڈا کے سامان پر کسٹم ڈیوٹی بڑھانے کے مجوزہ منصوبے پر سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔

جمعے کو یہ کینیڈا کی جانب سے تجارتی مخاصمت پر پہلا سخت اور باضابطہ ردعمل تھا جو ڈونلڈ ٹرمپ کے بیانات کے بعد آیا۔

ڈونلڈ ٹرمپ اگلے ہفتے امریکی صدر کا حلف اٹھائیں گے، جنہوں نے کہا ہے کہ وہ اپنی معاشی اور خارجہ پالیسی کے منصوبے کے تحت کینیڈا سے درآمد کی جانے والی اشیا پر 25 فیصد ٹیکس عائد کریں گے۔

ٹرمپ کی مجوزہ پالیسی کے تحت میکسیکو، چین اور دیگر تجارتی شراکت دار ملکوں سے آنے والی درآمدات پر بھی کسٹم ڈیوٹی بڑھائی جائے گی۔

کینیڈین وزیر خارجہ نے کہا کہ ’اس طرح امریکی ہمارے خلاف تجارتی جنگ شروع کریں گے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’یہ دہائیوں بعد کینیڈا اور امریکہ کے درمیان ایک بہت بڑی تجارتی جنگ ہوگی۔‘

میلانے جولی نے واشنگٹن میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ’ہم اپنی طرف سے زیادہ سے زیادہ دباؤ ڈالنے کے لیے تیار ہیں۔‘

کینیڈا کی وزیر خارجہ نے کہا کہ اگر ٹرمپ نے اپنے اعلان پر عمل کیا تو کینیڈا نے بھی اقدامات کی تیاری کر رکھی ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کی مجوزہ پالیسی پر عملدرآمد کے نتیجے میں کینیڈا کے صارفین اور اُن کی ملازمتوں پر بہت بڑا اثر پڑے گا۔

ٹرمپ کینیڈا کو امریکہ کی 51 ویں ریاست بننے کی پیشکش بھی کر چکے ہیں.

کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے گزشتہ دنوں کہا تھا کہ ’ہم کینیڈا اور کینیڈا کے عوام کا دفاع مضبوط کریں گے اور اس پر یکجا ہیں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’مجوزہ ٹیکس امریکیوں کی ملازمتوں کو خطرے میں ڈالے گا، امریکی صارفین کے لیے قیمتیں بڑھیں گی، ہماری اجتماعی سکیورٹی کو خطرے سے دوچار کرے گا اور پورے براعظم کو متاثر کرے گا۔‘

معاشی ماہرین کے مطابق ایک منظرنامہ یہ ہو سکتا ہے کہ اس ٹیکس کے بعد کینیڈا کی جی ڈی پی پانچ فیصد سے زیادہ گر جائے، بے روزگاری بڑھے اور مہنگائی میں اضافہ ہو۔

اوٹاوا میں کینیڈین حکومت کے ذرائع نے اے ایف پی کو بتایا کہ امریکی ٹیکس کے جواب میں کینیڈا کے حکام نے امریکہ سے آنے والے سامان پر کسٹم ڈیوٹی بڑھانے پر غور کیا ہے۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے