پاکستان سے آئی ٹی کی برآمدات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے: وزیراعظم شہباز شریف
Reading Time: 2 minutesوزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت نے معدنیات، زراعت اور آئی ٹی سمیت دیگر شعبوں کے فروغ پر بھرپور توجہ مرکوز کر رکھی ہے، زرعی شعبہ میں جدت لانے کیلئے ایک ہزار نوجوانوں کو سرکاری خرچ پر تعلیم کیلئے چین بھیج رہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو دبئی میں پاکستانی کاروباری شخصیات اور سرمایہ کاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے معاشی استحکام کا سفر جاری ہے، پالیسی ریٹ میں نمایاں کمی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان معدنی وسائل سے مالا مال ملک ہے، کان کنی اور معدنی وسائل کی ترقی پر بھرپور توجہ مرکوز کر رکھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ میں بے پناہ صلاحیت ہے، آئی ٹی برآمدات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، نوجوان ہمارا اثاثہ ہیں، ہماری 60 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، ان کو آئی ٹی سمیت مختلف شعبوں میں تربیت دے کر ملازمتوں کے مواقع پیدا کر رہے ہیں، جنوری میں ترسیلات زر 3 ارب ڈالر رہی ہیں جو گذشتہ کئی سال کے مقابلے میں ریکارڈ ہے، برآمدات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام کے بعد میکرو اکنامک صورتحال میں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشکل چیلنجز کے باوجود ملکی معیشت کو درست سمت میں گامزن کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی زرعی وسائل سے مالا مال ہے، جدید ٹیکنالوجی سے زرعی شعبہ میں انقلاب برپا کیا جا سکتا ہے، گندم اور کپاس کی زیادہ پیداوار حاصل کی جا سکتی ہے، ہم نے جدید ٹیکنالوجی سے فائدہ نہیں اٹھایا، ہم ایک ہزار فریش گریجویٹ کو ایگری ٹیک کی تعلیم کیلئے سرکاری خرچ پر چین بھیجیں گے جو زراعت کے مختلف شعبوں میں جدید تربیت حاصل کریں گے، اس سے ملک میں زرعی پیداوار بڑھانے اور ویلیو ایڈڈ میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہم تیزی سے فیصلے کر رہے ہیں اور ٹیم ورک کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں، ٹیم ورک سے معاشرے میں تبدیلی لائی جا سکتی ہے.
شرکاء نے وزیرِ اعظم کی قیادت میں حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں کی تعریف کی اور معاشی استحکام کے بعد ملکی ترقی کے سفر کی شروعات پر خراج تحسین پیش کیا.