پنڈی سٹیڈیم میں میچ، اسلام آباد میں بدترین ٹریفک جام
Reading Time: 2 minutesچیمپئنز ٹرافی 2025 کے پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں آج شام کھیلے جانے والے میچ کے لیے اسلام آباد پولیس نے ٹریفک پلان کے تحت شہر کی سب سے بڑی سڑک کو بند کر دیا ہے۔
اسلام آباد کو موٹر وے، جی ٹی روڈ اور کشمیر سے ملانے والی سری نگر/کشمیر ہائی وے کو ٹریفک کے لیے بند کرنے کا اعلان کیا گیا جس سے شہر میں بدترین ٹریفک جام ہے۔
غیرملکی کرکٹ ٹیمیں اسلام آباد کے سرینہ ہوٹل میں ٹھہری ہوئی ہیں جہاں سے ان کو پنڈی سٹیڈیم جانا ہے.
ملک کی سکیورٹی کی ناقص صورتحال کا آسان حل تلاش کرتے ہوئے وزارت داخلہ کی اجازت سے اسلام آباد پولیس نے میچ سے آٹھ گھنٹے قبل ہی سٹیڈیم سے 20 کلومیٹر دور 26 نمبر چونگی سے بھی ٹریفک کو موڑ کر واپس بھیجنا شروع کیا۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری اعلان کے مطابق لا اینڈ آرڈر کے پیش نظر سری نگر ہائی وے زیرو پوائنٹ سے سرینہ ہوٹل روڈ دونوں اطراف سے تا حکم ثانی ٹریفک کے لیے بند ہو گی۔
اس کے علاؤہ ریڈ زون جانے کے باقی تمام داخلی و خارجی راستے کھلے ہوں گے۔
فیض آباد سے آنے والے ٹریفک جناح ایونیو استعمال کریں۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس نے کہا ہے کہ کلب روڈ سے آبپارہ اور ریڈ زون والی ٹریفک فیض اباد لوپ کا استعمال کرتے ہوئے جناح ایونیو انڈر پاس سے مارگلہ روڈ استعمال کریں۔
ٹریفک پولیس کے پلان کے مطابق بہارہ کہو سے آنے والی ٹریفک کلب روڈ، فیض آباد ایکسپریس ہائی وے کا استعمال کریں۔ جبکہ آبپارہ سے بہارہ کہو جانے والی ٹریفک شکر پڑیاں روڈ استعمال کریں۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شہر میں بڑی گاڑیوں کا داخلہ مکمل طور پر بند کر دیا ہے جبکہ جی ٹی روڈ کے ذریعے ٹیکسلا سے گجر خان اور جہلم جانے والی ٹریفک کو موٹروے سے چک بیلیاں روڈ پر موڑا جا رہا ہے جس سے ہر طرف بدترین ٹریفک جام ہے۔