پاکستان اور انڈیا کے قومی سلامتی کے مشیروں کے درمیان رابطے کی تصدیق
پاکستان کے وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان اور انڈیا کے قومی سلامتی کے مشیروں کے درمیان بدھ کو رابطہ ہوا ہے۔
ترکیہ کے سرکاری نشریاتی ادارے ٹی آر ٹی ورلڈ کو انٹرویو دیتے ہوئے اسحاق ڈار نے بتایا کہ ’پاکستان کے خلاف انڈیا کے حالیہ فضائی حملے ایک سنگین جارحیت ہے۔ انڈیا نے پاکستان کے خلاف جنگی قدم اُٹھایا ہے۔‘
جب اسحاق ڈار سے بیک چینل ڈپلومیسی کے حوالے سے پوچھا گیا تو انہوں نے تصدیق کی کہ دونوں ممالک کے اعلیٰ سکیورٹی حکام کے درمیان رابطہ ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’ہاں، دونوں کے درمیان رابطہ ہوا ہے۔‘
چند دن قبل یہ خبر سامنے آئی تھی کہ دونوں ملکوں کے قومی سلامتی کے مشیروں میں رابطہ ہوا ہے۔
یہ رابطہ پاکستان پر انڈیا کے حملے سے ایک دن قبل ہوا تھا تاہم پاکستانی وزیر خارجہ کے بیان سے یہ واضح نہیں کہ حملے کے بعد دوبارہ بھی رابطہ ہوا ہے یا وہ پہلے والی گفتگو کی طرف ہی اشارہ کر رہے تھے۔