عالمی خبریں

برطانیہ میں پاکستانی ایئر لائنز پر عائد پابندیاں ختم

جولائی 16, 2025

برطانیہ میں پاکستانی ایئر لائنز پر عائد پابندیاں ختم

برطانیہ نے پاکستان کا نام ایئر سیفٹی لسٹ سے نکال دیا ہے جس کے بعد پاکستانی ایئر لائنز پر عائد پابندیاں ختم ہو گئی ہیں۔

بدھ کو برطانوی ہائی کمیشن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’ایئر سیفٹی میں بہتری کے بعد برطانیہ کی ایئر سیفٹی کمیٹی نے پاکستانی ایئرلائز پر عائد پابندیاں ختم کر دی ہیں۔‘

ہائی کمیشن کے مطابق ایئرلائنز کو پروازوں کے لیے اب بھی برطانوی سول ایوی ایشن اتھارٹی سے اجازت لینا ہوگی۔ سیفٹی لسٹ سے اخراج آزاد اور تکنیکی عمل کے تحت ہوا۔

پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ کا کہنا ہے کہ ’میں برطانیہ اور پاکستان میں ہوابازی کے ماہرین کی شکر گزار ہوں کہ وہ بین الاقوامی حفاظتی معیار پر پورا اترنے کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’پروازوں کی بحالی میں وقت لگے گا۔ میں خاندان اور دوستوں سے ملنے کے لیے پاکستانی ایئرلائن سے سفر کی منتظر ہوں۔‘

پروازوں پر پابندیاں ختم کرنے کے اعلان سے چند دن پہلے 11 جولائی کو برطانیہ کے محکمہ ٹرانسپورٹ (ڈی ایف ٹی) کی تین رکنی ٹیم نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سکیورٹی انتظامات اور پروٹوکولز کا جائزہ لینے کا عمل مکمل کیا تھا۔

آٹھ جولائی کو برطانیہ کے محکمہ ٹرانسپورٹ (ڈی ایف ٹی) کی تین رکنی ٹیم اسلام آباد پہنچی تھی جس کا مقصد پاکستان کے سب سے مصروف ترین ایئرپورٹ پر ایوی ایشن سکیورٹی کے انتظامات کا بین الاقوامی معیار کے مطابق تفصیلی جائزہ لینا تھا۔

ایئر پورٹ سکیورٹی فورس (اے ایس ایف) کے مطابق ٹیم نے حفاظتی انتظامات کو تسلی بخش قرار دیا تھا۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے