نیپال کے وزیراعظم مستعفی، پُرتشدد مظاہروں میں پارلیمنٹ کو آگ
نیپال کے ایک سینیئر عہدے دار نے کہا ہے کہ نیپالی مظاہرین نے پارلیمنٹ میں گھس کر اس کی عمارت کو آگ لگا دی ہے۔
منگل کو نیپالی پارلیمنٹ سیکریٹریٹ کے ترجمان اکرام گری نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ ’سینکڑوں افراد نے پارلیمنٹ کے علاقے میں توڑ پھوڑ کی اور مرکزی عمارت کو آگ لگا دی۔‘
اس واقعے سے کچھ دیر قبل ہی نیپال کے وزیراعظم نے پُرتشدد مظاہروں کے ایک دن بعد اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا۔ پیر کو بدترین کریک ڈاؤن میں کم از کم 19 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق کے پی شرما اولی نے صدر کو ایک خط میں لکھا کہ ’میں نے آج سے وزیرِاعظم کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے تاکہ سیاسی حل اور مسائل کے حل کی جانب مزید اقدامات کیے جا سکیں۔‘
پیر کو مظاہرین حکومت سے سوشل میڈیا پر عائد پابندی ختم کرنے اور بدعنوانی کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کر رہے تھے۔

