پاکستان

پی ٹی ایم کے ارکان کے اغوا پر ایمنسٹی انٹرنیشل کا بیان اور وزیراعلٰی کا انکشاف

نومبر 22, 2025

پی ٹی ایم کے ارکان کے اغوا پر ایمنسٹی انٹرنیشل کا بیان اور وزیراعلٰی کا انکشاف

ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہا ہے کہ پشاور سے پشتون تحفظ مومنٹ (پی ٹی ایم) کے پانچ کارکنوں کو لاپتہ ہوئے 10 دن گزر چکے ہیں۔

سنیچر کو جاری کیے بیان میں انسانی حقوق کی عالمی تنظیم نے کہا کہ پاکستان میں پشتون تحفظ موومنٹ کے چھ ارکان نور اللہ ترین، حنیف پشتین، سید عرفان اللہ، فرمان وزیر، عدنان وزیر اور حبیب وزیر کی جبری گمشدگی کو 10 دن گزر گئے، اور ان کا پتہ نہیں چل سکا ہے۔

ان کارکنوں کو 12 نومبر کو پشاور شہر سے اٹھایا گیا تھا۔

بیان کے مطابق یہ جبری گمشدگیاں ملک کے اندر خاص طور پر خیبر پختونخوا اور بلوچستان جیسے صوبوں میں اختلاف رائے کو نشانہ بنانے کے ایک پریشان کن انداز کا حصہ ہیں۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل نے پاکستانی حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ لاپتہ کارکنوں کے بارے میں فوری طور پر بتائے اور ان کی بحفاظت واپسی کو یقینی بنایا جائے۔

یہ بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ ان کی گمشدگی کی فوری، آزادانہ اور موثر تحقیقات کریں اور ذمہ داروں پر مقدمہ چلائیں۔ اور جبری گمشدگیوں کا یہ سلسلہ ختم کیا جائے۔

دوسری جانب اسلام آباد میں رپورٹرز سے گفتگو میں خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے بتایا کہ جرگے میں شرکت کے بعد پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کے وفد کو ملٹری انٹیلیجنس (ایم آئی) نے اٹھایا۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ ایم آئی کی یہ حرکت ٹھیک نہیں۔ 78 برسوں میں پشاور یونیورسٹی کیمپس میں ایسے نعرے نہیں لگے جو پرسوں لگے۔ ان کی پالیسیز ٹھیک نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی لوگوں کے ساتھ مشاورت کے ساتھ پالیسی بنائی جائے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے