پاکستان

فیلڈ مارشل عاصم منیر اگلے پانچ سال آرمی چیف اور چیف آف ڈیفنس فورسز مقرر

دسمبر 4, 2025

فیلڈ مارشل عاصم منیر اگلے پانچ سال آرمی چیف اور چیف آف ڈیفنس فورسز مقرر

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی بطور آرمی چیف اور چیف آف ڈیفنس فورسز تقرر کی سمری صدر مملکت آصف علی زرداری کو بھجوا دی ہے اور نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

وزیراعظم آفس کے مطابق ’فیلڈ مارشل سید عاصم منیر چیف آف آرمی سٹاف کے ساتھ ساتھ چیف آف ڈیفنس فورسز بھی ہوں گے۔‘
’فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ملک کے پہلے چیف آف ڈیفنس فورسز ہوں گے اور اُن کے عہدے کی میعاد پانچ سال ہو گی۔‘

وزیراعظم نے فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی مدتِ ملازمت میں دو سال کی توسیع کی منظوری بھی دے دی ہے۔

ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی مدتِ ملازمت میں دو سال کی توسیع کا اطلاق اُن کی موجودہ پانچ سال کی مدتِ ملازمت کے مارچ 2026 میں مکمل ہونے پر ہو گا۔

اس سے قبل جمعرات کو ہی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے چیف آف ڈیفنس فورسز کے نوٹیفیکیشن سے متعلق بتایا تھا کہ ’اس پر کام ہو رہا ہے اور اس حوالے سے کوئی قانونی پیچیدگی یا اختلاف نہیں ہے۔‘

وزیر اطلاعات عطا تارڑ کے ہمراہ اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’آرٹیکل 243 پر کوئی ابہام ہے اور نہ ہی پاکستان آرمی ایکٹ، پاکستان نیول ایکٹ اور پاکستان ایئرفورس ایکٹ میں ترامیم پر کوئی ابہام ہے۔‘

وزیر قانون کا مزید کہنا تھا کہ ’آئین میں یہ لکھ دیا گیا ہے کہ چیف آف ڈیفنس فورسز کی تعیناتی وزیراعظم کی ایڈوائس پر صدر مملکت کریں گے۔‘

’اب اس میں کوئی ابہام نہیں ہے، ایک بات طے شدہ ہے کہ 2024 میں کی گئی ترامیم کے تحت چیف آف ایئر سٹاف، نیول چیف اور آرمی چیف کے عہدے کی جو میعاد ہے وہ تین برس سے بڑھا کر پانچ برس کر دی گئی تھی۔‘

ان کے مطابق ’اس کی ایک توجیح یہ تھی کہ پارلیمنٹ، صدر، وزیراعظم اور دیگر کئی عہدوں کی میعاد پانچ برس مقرر ہے لہٰذا اس کو بھی پانچ سال کر دیا جائے۔‘

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے