حال ہی کی وہ 10 فلمیں جو آپ کو دیکھنی چاہییں
حالیہ کچھ ہفتوں میں دیکھی ہوئی بہترین اور خوبصورت موویز- عامر مغل کی تحریر
1- ٹرین ڈریمز Train Dream
ایک گمنام اور تنہا شخص کی بظاہر سادہ سی کہانی جو چند بھلی خواہشات رکھتا ہے۔ یہ میرے حساب سے اس سال کی سب سے خوبصورت فلم ہے جو انسان کے ان دبے ہوئے گہرے احساسات کو چھیڑتی ہے جو وہ کہیں اپنی زندگی میں دوبارہ محسوس کرنا چاہتا ہے۔ ایک شاعرانہ مووی
"نومبر 1968ء کی کسی رات جب رابرٹ گرینئیر نیند کی حالت میں دنیا سے رخصت ہوا تو اس کی زندگی اتنی ہی خاموشی سے ختم ہوئی جتنی خاموشی سے شروع ہوئی تھی۔۔۔۔۔اسے یہ بھی معلوم نہ تھا کہ اس کے والدین کون تھے اور نہ وہ اپنے پیچھے کوئی وارث چھوڑ کر گیا۔”
2-سینٹیمنٹل ویلیو Sentimental Value
اس سال کی ایک اور خوبصورت نارویجن فلم۔ ایک آرٹسٹ باپ اور آرٹسٹ بیٹیوں کے درمیان باپ بیٹیوں کے رشتے پر مبنی کہانی جس کا پس منظر آرٹ سے جڑے پیشن اور زندگی سے جڑے ٹراماز سے منسلک ہے۔
3-ہوم باؤنڈ Homebound
ہندوستان کے ایک عام انسان کی عام زندگی کی دوڑ کی کہانی۔ دو دوست، ایک مسلمان اور ایک اچھوت ذات، دو زندگیاں، دو خاندان۔ یہ انڈیا کی 2025ء کی شاید سب سے بہترین فلم ہے۔ اسی ڈائریکٹر کی "مسان” بھی بہت ہی لاجواب مووی ہے۔
4-فرینکسٹائن Frankenstein
سال 2025ء کا ایک ماسٹرپیس۔ فلم کے شروع سے ہی دکھایا جانے والا گوتھک ماحول آپ کو گھیر لیتا ہے اور اس کے بعد جب مانسٹر کے کردار کا جنم ہوتا ہے تو بیک وقت آپ کو وہ دلکش اور خوفناک لگنے لگتا ہے۔
"شکاری بھیڑیے سے نفرت نہیں کرتا تھا، بھیڑیا بھی بھیڑ سے نفرت نہیں کرتا تھا۔ مگر ان کے درمیان تشدد ناگزیر محسوس ہوتا تھا۔ شاید، یہی دنیا کا طریقہ ہے۔ یہ تمہیں صرف اس لیے شکار کرے گی اور مار ڈالے گی کہ تم وہی ہو جو تم ہو۔”
5-وارفئیر Warfare
عراق جنگ کے دوران ایک ملٹری آپریشن کے دوران رمادی عراق میں امریکی نیوی سیلز ٹیم پلاٹون کی ایک جگہ محصور ہو جانے کے اصل واقعات پر مبنی کہانی۔ اس فلم کی بہترین چیز یہ ہے کہ آپ اپنے آپ کو خود ان سپاہیوں کے ساتھ محصور پاتے ہیں اور سب کچھ اصلی لگنے لگتا ہے۔ تقریبا مکمل فلم ایک ہی گھر میں فلمائی گئی ہے۔
6-ون بیٹل آفٹر این ادر One Battle After Another
کچھ اوور ریٹڈ مووی ہے۔ لیونارڈو سے زيادہ شان پین کی پرفارمنس نے لطف دیا۔ کہانی دلچسپ طریقے سے فلمائی گئی ہے جس کو وجہ سے فلم آپ کو انگیج تو کرتی ہے مگر امپریس نہیں کرتی۔
7-قیلولہ Nanpakal Nerathu Mayakkam
ملیالم/تامل سنیما اور مموتی کی ایک دلچسپ فلم جب ایک گاؤں سے گزرتے ہوئے مسافروں کی بس کچھ دیر کے لیئے رکتی ہے تو ایک مسافر اسی گاؤں کے ایک ایسے شخص کے قالب میں ڈھل جاتا ہے جو کئی سال قبل وہاں سے گمشدہ ہو چکا ہوتا ہے۔ حقیقت اور خواب کے درمیان الجھی ہوئی ایک کہانی۔
8-بوگونیا Bugonia
بوگونیا ایک قدیم یونانی عقیدہ تھا کہ شہد کی مکھیاں مری ہوئی گائے یا بیل سے خودبخود پیدا ہو جاتی ہیں۔یونان کے ڈائریکٹر "یورغوس لینتھموس” دنیا میں عجیب و غریب کہانیاں اپنے انداز سے فلمانے کے لیئے مشہور ہیں۔ اس dogtooth, the lobster, the killing of the scared deer, the favourite, poor things, kinds of kindness موویز بھی دیکھ رکھی ہیں۔ دی فیورٹ اور پؤورتھنگز ان سب میں ٹاپ پر ہیں۔ کہانی صرف پرفارمنسز کے لیئے دیکھی جا سکتی ہے جس میں دو لوگ ایک کمپنی کی سی ای او کو اس لیئے اغواء کر لیتے ہیں کہ وہ سمجھتے ہیں کہ وہ عورت ایک ایلئین ہے اور زمین کو تباہ کرنا چاہتی ہے۔
9-دی سمیشنگ مشین The Smashing Machine
مکسڈ مارشل آرٹ ریسلر Mark Kerr کی زندگی پر بنی ڈاکو ڈرامہ مووی جس میں حیرت انگیز طور پر دی راک نے اپنی زندگی کی بہترین پرفارمنس دی ہے۔ فلم ڈاکیومنٹ ڈرامہ میکنگ اسٹائل کی وجہ سے شاید ہر ایک لیئے دلچسپ نہ ہو مگر دی راک کی پرفارمنس کے لیئے ایک فائن سنیما کے طور پر دیکھی جا سکتی ہے۔
10-بارود کا گھر A House of Dynamite
امریکہ پر حملے کی ایک فرضی سیچوایشن کی کہانی جو مختلف زاویوں سے دکھائی گئی ہے۔ فلم جتنے اچھے ٹیمپو اور تھرل سے چل رہی ہوتی ہے اس کا اختتام اتنا ہی مایوس کن اور نامکمل رکھا گیا ہے۔ ون ٹائم دیکھنے والی ہے۔

