بہت جلد آبنائے ہرمز کو امریکی علاقہ قرار دوں گا: صدر ٹرمپ
صدر ٹرمپ نے نیویارک میں ایک جلسے کے دوران کہا کہ ’اس وقت ایران کو بہت بری طرح شکست ہو رہی ہے اور جب عنقریب ہم ایران کو مکمل شکست دے دیں گے تب آبنائے ہرمز کو امریکہ کا علاقہ قرار دوں گا۔‘
دوسری جانب ایران کے نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے کہا ہے کہ ’دھمکیوں سے نہیں ڈرتے، آبنائے ہرمز ایران کی تھی، ہے اور رہے گی۔‘
ادھر ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ امریکہ کے ساتھ مذاکرات کی بحالی کے بارے میں ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
خبر رساں ادارے اسنا کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ ’مذاکرات کے حوالے سے عباس عراقچی نے واضح کیا ہے کہ قطر اور پاکستان ثالث کے طور پر ایران کے ساتھ رابطے میں ہیں اور دونوں جانب پیغامات کا تبادلہ ہو رہا ہے، تاہم اس کا مطلب مذاکرات ہونا نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں طے پانے والی مفاہمت میں ’جنگ کے خاتمے‘ کی بات کی گئی تھی، نہ کہ جنگ بندی کی۔
عباس عراقچی کے مطابق امریکہ نے اس مفاہمت کی خلاف ورزی کی جس کے بعد لڑائی دوبارہ شروع ہو گئی۔
انھوں نے کہا کہ اسی لیے ’60 روزہ جنگ بندی‘ جیسی کوئی چیز موجود نہیں تھی جس میں توسیع کی ضرورت پڑتی۔
ایرانی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ امریکہ کے ساتھ رابطوں کے لیے پہلے استعمال ہونے والے ذرائع اب مؤثر نہیں رہے۔
ان کے بقول تہران اس وقت رابطے کے لیے ایک ’عبوری راستہ‘ تیار کر رہا ہے جو بعد میں مستقل شکل اختیار کر سکتا ہے۔