اہم خبریں

پاکستانی چین کو سب سے بڑا اتحادی، بھارت کو سب سے بڑا خطرہ سمجھتے ہیں: پیو ریسرچ سروے

اگست 15, 2026

پاکستانی چین کو سب سے بڑا اتحادی، بھارت کو سب سے بڑا خطرہ سمجھتے ہیں: پیو ریسرچ سروے

واشنگٹن: پیو ریسرچ سینٹر کے تازہ سروے میں پاکستان اور بھارت کے عوام کی عالمی طاقتوں، اتحادی ممالک اور ایک دوسرے کے بارے میں رائے میں نمایاں فرق سامنے آیا ہے، جبکہ دونوں ممالک کے شہری ایک دوسرے کو اپنے ملک کے لیے سب سے بڑا جغرافیائی و سیاسی خطرہ سمجھتے ہیں۔

جمعرات کو جاری ہونے والی رپورٹ کے مطابق 43 فیصد پاکستانیوں نے بھارت کو پاکستان کے لیے سب سے بڑا خطرہ قرار دیا، جبکہ بھارت کے بعد امریکا اور اسرائیل کو 24، 24 فیصد پاکستانیوں نے سب سے بڑا خطرہ قرار دیا۔

دوسری جانب 54 فیصد بھارتی شہری پاکستان کو بھارت کے لیے سب سے بڑا جغرافیائی و سیاسی خطرہ سمجھتے ہیں، جبکہ 21 فیصد نے چین کو سب سے بڑا خطرہ قرار دیا۔

سروے میں پاکستان کے اتحادی ممالک کے حوالے سے چین کو واضح برتری حاصل ہوئی۔ 75 فیصد پاکستانیوں نے چین کو پاکستان کا سب سے اہم اتحادی قرار دیا، جبکہ 12 فیصد نے سعودی عرب کا نام لیا۔ اس کے برعکس بھارت میں 36 فیصد افراد نے روس اور 16 فیصد نے امریکا کو اپنا سب سے اہم اتحادی قرار دیا۔

چین کے بارے میں پاکستانی عوام کی رائے بھی انتہائی مثبت سامنے آئی۔ سروے کے مطابق 90 فیصد پاکستانی چین کے بارے میں مثبت رائے رکھتے ہیں جبکہ 83 فیصد چینی صدر شی جن پنگ پر اعتماد کا اظہار کرتے ہیں۔ اس کے برعکس تقریباً ایک چوتھائی بھارتی شہری ہی چین اور اس کے صدر کے بارے میں مثبت رائے رکھتے ہیں۔

روس کے حوالے سے 58 فیصد بھارتیوں نے مثبت رائے کا اظہار کیا جبکہ 51 فیصد نے صدر ولادیمیر پوتن پر اعتماد ظاہر کیا۔ پاکستان میں روس کے بارے میں مثبت رائے رکھنے والوں کی شرح 39 فیصد اور صدر پوتن پر اعتماد کرنے والوں کی شرح 32 فیصد رہی۔

پاکستان اور بھارت کے باہمی تعلقات سے متعلق بھی سروے میں گہری بداعتمادی سامنے آئی۔ تقریباً نو میں سے آٹھ پاکستانیوں نے بھارت کے بارے میں منفی رائے ظاہر کی، جن میں 73 فیصد کی رائے انتہائی منفی تھی۔ بھارت میں 78 فیصد افراد نے پاکستان کے بارے میں منفی رائے ظاہر کی، جن میں 65 فیصد کی رائے انتہائی منفی تھی۔ دونوں ممالک کے عوام کی اکثریت دوسرے ملک کی حکومت اور شہریوں کے بہتر دوطرفہ تعلقات کے عزم پر بھی شکوک کا اظہار کرتی ہے۔

پیو ریسرچ سینٹر کے مطابق پاکستان میں یہ سروے 8 اپریل سے 7 مئی 2026 تک 1,039 بالغ افراد جبکہ بھارت میں 8 فروری سے 27 اپریل 2026 تک 3,566 بالغ افراد سے کیا گیا۔ رپورٹ 13 اگست کو جاری کی گئی۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے