عالمی خبریں

’اسلام آباد ٹاکس‘ پر ابہام برقرار، ایران کا امریکی دھمکیوں کے دوران مذاکرات سے انکار

اپریل 21, 2026

’اسلام آباد ٹاکس‘ پر ابہام برقرار، ایران کا امریکی دھمکیوں کے دوران مذاکرات سے انکار

پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں منگل کو بھی امریکہ اور ایران کے درمیان ممکنہ مذاکرات کے دوسرے مرحلے کی تیاریاں جاری ہیں۔

اسلام آباد اور ملحقہ شہر راولپنڈی میں‌ گزشتہ روز پیر کی طرح منگل کو بھی ریڈ زون کو بند رکھا گیا ہے اور ہائیکورٹ، آئینی عدالت نے عدالتی کام کی چھٹی کا اعلان کر رکھا ہے-
شہر کی سڑکوں پر پولیس کی حفاظتی چوکیاں، فوجی اہلکاروں سے بھرے ٹرک اور ’اسلام آباد ٹاکس‘ کے پوسٹر لگے نظر آتے ہیں لیکن غیریقینی صورتحال بھی برقرار ہے۔

وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ امریکہ کے نائب صدر جے ڈی وینس کی قیادت میں ایک امریکی وفد پاکستان کا دورہ کرے گا لیکن وقت واضح نہیں۔

پہلے یہ کہا جا رہا تھا کہ امریکی وفد پیر کی شام یا رات تک اسلام آباد پہنچے گا لیکن ایسا نہیں ہوا۔ اس کی ایک وجہ ایران کی جانب سے ان مذاکرات میں شرکت کے حوالے سے ابھی تک تصدیق نہ ہونا ہے-

ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر محمد باقر قالیباف نے ایکس پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ایران ’خطرات کے سائے میں‘ مذاکرات کو قبول نہیں کرے گا۔

انھوں نے ڈونلڈ ٹرمپ پر ’ناکہ بندی اور جنگ بندی کی خلاف ورزی‘ کا الزام بھی لگایا۔ وہ آبنائے ہرمز میں ہونے والے واقعات کا حوالہ دے رہے ہیں، جس میں امریکہ نے ایک ایرانی مال بردار بحری جہاز کو قبضے میں لے لیا۔

تاہم یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ ایران کے اندر سخت گیر نظریات کے حامل افراد باقر قالیباف جیسی شخصیات پر دباؤ ڈال رہے ہیں کہ وہ سفارت کاری کے بجائے جنگ جاری رکھنے کو ترجیح‌ دیں-

تجزیہ کاروں کے مطابق ممکنہ طور پر یہ سب منظرنامے پر ہو رہا ہے اور زیادہ امکان ہے کہ پسِ پردہ پاکستان کی کوششوں سے ایرانی وفد اسلام آباد آنے کی تیاری میں‌ ہو-

تاہم ابھی تک دونوں فریقوں کے علاوہ کوئی بھی یقینی طور پر نہیں جانتا کہ امن مذاکرات کا دوسرا مرحلہ اسی ہفتے اسلام آباد میں‌ منعقد ہوگا یا نہیں-

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے