جرمنی اور نیدرلینڈز کو پینلٹی شوٹ آؤٹ پر شکست، پیراگوئے اور مراکش اگلے مرحلے میں
فٹبال ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں براعظم جنوبی امریکہ کی ٹیم پیراگوئے نے جرمنی جبکہ مراکش نے نیدرلینڈز کو پینلٹی شوٹ آؤٹ میں شکست دے کر اگلے مرحلے میں جگہ بنا لی۔
چار مرتبہ کے عالمی چیمپیئن جرمنی کو پیراگوئے نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پینلٹی شوٹ آؤٹ میں تین کے مقابلے پر چار گول سے شکست دے کر ورلڈ کپ سے باہر کیا۔ مقررہ اور اضافی وقت کے اختتام تک بھی مقابلہ ایک، ایک سے برابر تھا، جس کے بعد فیصلہ پینلٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا۔
دوسری جانب مراکش نے بھی ایک بڑے اپ سیٹ میں نیدرلینڈز کو پینلٹی شوٹ آؤٹ میں شکست دے کر اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
نیدرلینڈز نے دوسرے ہاف میں برتری حاصل کی تھی، تاہم مراکش نے اختتامی لمحات میں گول کر کے میچ برابر کر دیا۔ اس پر اضافی وقت دیا گیا لیکن اس میں بھی کوئی گول نہ ہو سکا۔
پھر پینلٹی شوٹ آؤٹ میں مراکش نے کامیابی حاصل کر لی اور یوں جرمنی کی طرح نیدرلینڈز بھی فٹبال ورلڈ کپ سے باہر ہو گیا۔

