کے ٹو ایئرویز کی بوئنگ 737 کارگو پرواز کراچی کے قریب سمندر میں لاپتہ
شارجہ سے کراچی آنے والی کے ٹو ایئرویز کی بوئنگ 737 کارگو پرواز کے لاپتہ ہونے کے بعد اس طیارے کی تلاش کا کام تاحال جاری ہے۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستانی بحریہ کا جہاز پی این ایس ذوالفقار متاثرہ علاقے کی جانب روانہ کر دیا گیا ہے جبکہ پاکستانی فضائیہ بھی تلاش اور امدادی کارروائیوں میں حصہ لے رہی ہے۔
شارجہ سے کراچی آنے والی کے ٹو ایئرویز کی کارگو پرواز میں عملے کے پانچ افراد سوار تھے۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے مطابق اس پرواز نے مقامی وقت کے مطابق منگل کی رات نو بج کر 18 منٹ پر نیوی گیشن سسٹم میں خرابی کی اطلاع دی تھی جس کے بعد کراچی ایریا کنٹرول سینٹر (اے سی سی) نے فوری طور پر طیارے کی رہنمائی کی۔
بیان کے مطابق رات 9 بج کر 21 منٹ پر ریڈار پر طیارہ تیزی سے نیچے آتا ہوا نظر آیا اور اس کا رخ اچانک تبدیل ہوتا دیکھا گیا، جس کے بعد کراچی سے تقریباً 155 ناٹیکل میل مغرب میں طیارے سے ریڈار اور مواصلاتی رابطہ منقطع ہو گیا۔
دوسری جانب کے ٹو ایئر ویز نے کہا ہے کہ وہ پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی اور دیگر سرکاری اداروں کے ساتھ تعاون کر رہی ہے۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے مطابق واقعے کے بعد ریسکیو کوآرڈی نیشن سینٹر کو فعال کر دیا گیا جبکہ لاپتہ طیارے کی تلاش کے لیے مختلف اداروں کے تعاون سے سمندر میں سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔