دورانِ پرواز دھماکے سے جہاز کی کھڑکی ٹوٹ گئی، ’ایک مسافر باہر لٹک گیا تھا‘
یونان کے شہر تھیسالونیکی سے جرمنی کے میمنگن ایئرپورٹ جانے والی پرواز ’اڑان بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد واپس آ گئی جب ایک مسافر کے قریب موجود کھڑکی پرواز کے دوران اپنی جگہ سے نکل گئی۔‘
یہ بیان رائن ایئر کی جانب سے جاری کیا گیا ہے جبکہ مسافروں کا کہنا ہے کہ رائن ایئر کی ایک پرواز کے دوران ہوائی جہاز کی کھڑکی ٹوٹنے کے باعث ایک شخص سر کے بل تقریباً باہر کھنچا چلا گیا تھا۔
یہ پرواز رائن ایئر کی ذیلی کمپنی مالٹا چلا رہی تھی-
پرواز کے ٹریکنگ ڈیٹا سے ظاہر ہوتا ہے کہ طیارہ تقریباً 10 منٹ تک فضا میں رہنے کے بعد اچانک 9,000 فٹ (2,700 میٹر) نیچے آ گیا۔ مسافروں کی جانب سے مقامی میڈیا کو بتایا گیا کہ انھوں نے ’ایک دھماکے جیسی‘ آواز سنی۔
یونان کے ایک ہسپتال کے عہدیدار نے بتایا کہ سربیا سے تعلق رکھنے والے 61 سالہ شخص کو رگڑ سے ہونے والے زخم آئے ہیں جن کا کا علاج کیا جا رہا ہے۔
میخالیس گیاناکوس نےبتایا کہ مذکورہ مسافر کی اہلیہ تقریباً پانچ منٹ تک ان کی ٹانگوں کو پکڑی رہیں تاکہ ہوا کے دباؤ سے کہیں وہ کھڑکی سے باہر نہ چلے جائیں۔
آئرلینڈ سے تعلق رکھنے والی فضائی کمپنی کا کہنا ہے کہ طیارے نے معمول کے مطابق لینڈنگ کی اور مسافر ٹرمینل واپس آ گئے۔ ’ایک مسافر نے تھیسالونیکی میں طبی امداد کی درخواست کی تھی جسے طبی امداد فراہم کی گئی۔‘
کمپنی کا مزید کہنا تھا کہ مسافروں کو میمنگن پہنچانے کے لیے کچھ گھنٹے بعد ایک متبادل طیارے کا انتظام کیا گیا۔
جہاز میں سوار مسافروں نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ اس شخص کا جسم کندھوں تک سر کے بل کھڑکی سے باہر لٹک گیا تھا۔ ان کے مطابق دیگر مسافروں نے اس شخص کو پکڑ کر واپس طیارے کے اندر کھینچا۔
سنہ 2018 میں امریکہ میں ساؤتھ ویسٹ ایئرلائنز کی ایک پرواز کے دوران ایک انجن کے ملبے سے ایک کھڑکی ٹوٹ گئی تھی جس کے نتیجے میں ایک خاتون مسافر جزوی طور پر باہر کی طرف کھنچ گئی تھیں اور ان کی موت ہو گئی تھی۔

