آبنائے ہرمز میں دو بحری جہازوں پر ایران کے میزائل حملوں میں ایک انڈین شہری ہلاک، 8 زخمی
آبنائے ہرمز میں دو بحری آئل ٹینکرز پر ایران کے میزائل حملوں میں ایک انڈین شہری ہلاک جبکہ عملے کے دیگر 8 افراد زخمی ہو گئے جن میں سے چار شدید زخمی ہیں-
متحدہ عرب امارات نے کہا ہے کہ ایران نے خلیج فارس میں دو بحری جہازوں پر حملہ کیا ہے۔
متحدہ عرب امارات کی وزارتِ دفاع نے بتایا کہ دو آئل ٹینکر، مومباسا اور باہیا، آبنائے ہرمز کے جنوبی راستے میں اور عمان کی علاقائی سمندری حدود میں ایران کے دو کروز میزائلوں کا نشانہ بنے ہیں۔
امارات کی وزارت دفاع کے بیان کے مطابق حملے کے نتیجے میں آئل ٹینکر مومباسا کے عملے کا ایک رکن، جو انڈین شہری تھا، ہلاک ہو گیا جبکہ مزید آٹھ افراد زخمی ہوئے ہیں، جن میں سے چار کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔
زخمی ہونے والے چھ افراد کا تعلق انڈیا اور دو کا یوکرین سے ہے۔
متحدہ عرب امارات کی وزارتِ دفاع نے اسے ’کھلی جارحیت‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزی ہے اور خطے کے امن و استحکام کو خطرے میں ڈالتا ہے۔
دوسری جانب پاسداران انقلاب نے بعد میں ٹیلیگرام پر جاری ایک بیان میں حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ دو ٹینکروں نے ایران کے خطرے سے متعلق انتباہ کو نظرانداز کیا اور اپنے نیویگیشن سسٹمز بند کر دیے اور بارودی سرنگوں والے راستے سے گزرنے کی کوشش کی۔
پاسداران نے کہا کہ اس نے خلاف ورزی کرنے والے ٹینکروں کو نشانہ بنا کر انھیں ناکارہ بنا دیا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ’دشمن کے ساتھ تعاون کا نتیجہ صرف پچھتاوا، نقصان اور آبنائے ہرمز کی بحالی میں تاخیر کی صورت میں نکلے گا، جبکہ اس سے دنیا میں توانائی کا بحران بھی پیدا ہوگا۔‘

