اہم خبریں

خطرہ بننے والے شدت پسندوں کے ڈھانچے ختم کر دیے جائیں گے: پاکستانی آرمی چیف

جولائی 24, 2026

خطرہ بننے والے شدت پسندوں کے ڈھانچے ختم کر دیے جائیں گے: پاکستانی آرمی چیف

پاکستان کے آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہے کہ اُن کے ملک کے لیے خطرہ بننے والے شدت پسندوں کے ڈھانچے جہاں کہیں بھی ہوں، انھیں ختم کر دیا جائے گا۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے یہ بات جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں 20 ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکا سے ملاقات کے دوران کہی۔

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عوام کی حمایت کے ساتھ بلوچستان میں دیرپا امن کے قیام کو یقینی بنائیں گے۔

انھوں نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک شدت پسندوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے اس بات کا بھی اعادہ کیا کہ جہاں کہیں بھی دہشت گردوں کا بنیادی ڈھانچہ ملک اور اس کے عوام کے لیے خطرہ بنے گا، پاکستان اسے ختم کرنے کے لیے اپنے پختہ عزم پر قائم رہے گا۔

پاکستان کے آرمی چیف نے الزام لگایا کہ بیرونی سرپرستی میں کام کرنے والے عناصر مسلسل بلوچستان میں تشدد کو ہوا دینے، استحکام کو نقصان پہنچانے اور امن کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کرتے رہے ہیں۔
تاہم ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی مسلح افواج عوام کی حمایت کے ساتھ ان مذموم عزائم کو مضبوط اور فیصلہ کن جواب دے کر ناکام بنائیں گی۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے